جنرل ہسپتال میں پرسوں شوگر کے مریضوں کے مفت ٹیسٹ ہوں گے

جمعرات 20 نومبر 2014 17:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 20نومبر 2014ء) جنرل ہسپتال میں ہفتہ کو فری شوگر کیمپ لگایا جائے گا جس میں شوگر کے مریضوں کے تمام ٹیسٹ مفت کیے جائیں گے، کیمپ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نامور طبی ماہرین اور معالجین مریضوں کو حفاظتی تدابیر سے آگاہ کریں گے۔اس موقع پر شوگر کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک اور سیمینار بھی منعقد ہوگا جس میں ڈاکٹرز، نرسز، نرسنگ طالبات، پیرامیڈیکل سٹاف اورممتاز سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔

یہ بات پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ نے اجلاس میں بتائی۔ اجلاس میں قائممقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر جنید مرزا، شوگر سپیشلسٹ ڈاکٹر عمران حسن خان اور ڈاکٹر سلمان شکیل کے علاوہ دیگر سینئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ 22نومبر کو جنرل ہسپتال میں فری شوگر کیمپ میڈیکل یونٹ ون کے زیر اہتمام منعقد کیا جائے گاجس میں مرد اور خواتین مریضوں کے لیے علیحدہ علیحدہ کاوٴنٹر قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ فری شوگر کیمپ میں آنے والے کسی مریض سے پرچی فیس نہیں لی جائے گی پرنسپل پی جی ایم آئی نے اجلاس کو بتایا کہ شوگر جیسے موذی مرض کا خوف مریضوں کے دلوں سے نکالنے کے لیے اور ان کی مناسب رہنمائی کے لیے سرجری ،میڈیکل، گائنی، یورالوجی ،امراض چشم اوربچوں کے سینئر ڈاکٹر بھی کیمپ میں موجود ہوگے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہاکہ شوگر کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی وجوہات میں بسیار خوری،ورزش نہ کرنا اور خاندانی پس منظر شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر حضرات کو شوگر کے مریضوں کے علاج معالجے کے علاوہ انہیں حفاظتی تدابیر سے بھی آگاہ کرنا چاہیے۔ڈاکٹر انجم حبیب وہرہ نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ شوگر اور دیگر بیماریوں کے بارے میں اپنا علم اور تحقیق بڑھائیں تاکہ عصر حاظر میں نوع انسانی کو درپیش بیماریوں کا قلع قمع کیا جاسکے۔