ایم کیو ایم ہی آزادکشمیر کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے ‘ خطہ کو جلد غریب اور متوسط طبقہ کی قیادت میسر آئے گی

ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر کی وفود سے بات چیت

اتوار 23 نومبر 2014 17:28

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین۔ 23نومبر 2014ء ) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر نے کہاایم کیو ایم ہی آزادکشمیر کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے ‘ وہ وقت دور نہیں جب آزادکشمیر کو بھی غریب اور متوسط طبقہ کی قیادت میسر آئے گی اور انہیں حقیقی معنوں میں دہلیز پرانصاف ملے گا ‘ جس طرح رکنیت سازی مہم میں عوام نے جوش و خروش سے حصہ لیا یہ اس بات کاثبوت ہے کہ آزادکشمیر کے عوام نعروں ‘ جھوٹ اور استحصال کی سیاست سے تنگ آ کر ایم کیو ایم اور قائد تحریک کی عملیت پسندی سے متاثر ہو کر حق پرستی کی جدوجہدمیں عملی طور پر شریک ہوچکے ہیں ‘ مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیرکے پارلیمانی لیڈر طاہرکھوکھر نے کہا کہ کرپشن ‘ میرٹ کی پامالیاں‘ انصاف کی عدم فراہمی ‘ غربیوں کی تذلیل اور وسائل پرچند خاندانوں کا قبضہ عوام اب مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ‘ آزادکشمیر میں گزشتہ کئی برسوں سے عوام کے بنیادی حقوق سلب ہیں جس کی بنیادی وجہ روایتی ‘ موروثی اور استحصالی سیاستدان ہیں جنہوں نے نوکریوں‘کاروبار‘ ریاستی وسائل کو اپنے خاندانوں کیلئے وقف کر رکھا ہے اور آزادکشمیر کے 90 فیصد غریب اور متوسط طبقہ کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ استحصالی نظام اب آخری سانسیں لے رہا ہے ‘ پورے ملک کی طرح آزادکشمیر میں بھی تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے اب اسے روکنا کسی کے بس میں نہیں ہے ‘عوام جوق در جوق ایم کیو ایم میں شامل ہو رہے ہیں آئندہ انتخابات میں ایم کیوایم تمام حلقوں سے غریب اور متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کو سامنے لائے گی جو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے آزادکشمیر کی سیاسی تاریخ کا رخ پلٹ دیں گے ۔

طاہرکھو کھر نے کہا کہ آزادکشمیر کو اللہ تعالی نے بے پناہ وسائل سے نواز رکھا ہے ‘ ہمارے نوجوانوں صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں‘اگر قدرتی آبی ذخائر سے ہی فائدہ اٹھایاجاتاتو آج نہ صرف آزادکشمیر کے عوام لوڈشیڈنگ کا عذاب نہ جھیل رہے ہوتے بلکہ ہائیڈرل جنریشن سے ریاستی اربوں روپے کی آمدن حاصل کررہی ہوتی۔ جنگلات اور معدنیات جیسی دولت سے کسی نے فائدہ نہیں اٹھایابلکہ مراعات یافتہ طبقات‘ بااثر سیاسی ٹھیکیدار مسلسل آزادکشمیر کے جنگلات کا صفایا کر کے اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں یہی حالت معدنیات کا ہے قیمتی معدنیات بغیر پلاننگ کے چند لوگوں کے دیدی گئی ہیں جو انہیں اونے پونے بیچ رہے ہیں ۔

طاہرکھوکھر نے کہا کہ وہ مسلسل آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات پر زور دے رہے ہیں لیکن حکومت نے توجہ نہیں دی ‘ اگر آزادکشمیر میں سیاحت کو انڈسٹری کادرجہ دے کر سرمایہ کاری کی جائے تو چند سالوں میں کروڑوں ڈالر زرمبادلہ کمایاجاسکتا ہے اور ریاست میں بے روزگاری ختم ہو سکتی ہے ‘ انہوں نے کہاکہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے اب عوام کو شعور کامظاہرہ کرناہوگا اور متوسط طبقہ کی باصلاحیت قیادت سامنے لانا ہو گی تاکہ انہیں انصاف مل سکے ۔

متعلقہ عنوان :