چار سدہ،شبقدر میں نامعلوم افراد کا پولیو ٹیم پر حملہ، فائرنگ سے پولیو ورکر زخمی

پیر 24 نومبر 2014 13:26

چار سدہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) شبقدر میں نامعلوم افراد کا پولیو ٹیم پر حملہ، فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیو ورکر زخمی ہو گیا، فائرنگ کے واقعے کے نعد مزید نفری طلب کر کے پولیو ٹیم کی سیکورٹی سخت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو چارسدہ میں گھر گھر جاکر پولیو مہم کے دوران چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں خواجہ واس تھانے کی حدود میں پولیو ٹیم پرفائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک رضاکار زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

زخمی رضاکارکو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چار سدہ منتقل کردیا گیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے باوجود بھی پولیو مہم جاری ہے اور اسے روکا نہیں گیا۔واضح رہے کہ پاکستان اس وقت افغانستان اور نائجیریا سمیت دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس پایا جاتا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی حالیہ رپورٹ میں دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز میں سے 80 فیصد کا ذمے دار پاکستان کو قرار دیا گیا تھا۔