ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو مثالی بنا کر شہریوں کو صحتمندانہ فطری ماحول کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں، ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ

پیر 24 نومبر 2014 15:56

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء)ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر وقاص عالم نے کہاہے کہ ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو مثالی بنا کر شہریوں کو صحتمندانہ فطری ماحول اور بہتر طرز زندگی کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اور ممکنہ وسائل برؤے کار لائے جا رہے ہیں۔پارکوں،گرین بیلٹس،گراؤنڈز اور گلی محلوں کو صاف ستھرا و جاذب نظر بنانے کے علاوہ سر سبز سایہ دار درختوں کی شجر کاری کرکے گرین پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈی سی او وقاص عالم نے ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنا نے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے ٹی ایم ایز حکام کو خصوصی ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی مہم کی نگرانی اور میونسپلٹی حدود میں کوڑا کرکٹ کی فوری تلفی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او وقاص عالم نے پارکوں میں شہریوں کیلئے جملہ سہولیات کی فوری فراہمی،پھولدار پودوں کی کاشت کاری،روشوں اور اندرونی راستوں کی صفائی اور دیگر امور کو ممکن بنانے کے حوالہ سے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا نہ صرف ہماری قومی ذمہ داری ہے بلکہ مذہب اسلام بھی اس طرز عمل کو نصف ایمان کا درجہ دیتا ہے۔

اجلاس میں ڈی ایم او آصف علی ڈوگر،اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ سیدہ رملہ علی،اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ سید تنویر مرتضی اور چاروں تحصیلوں کے ٹی ایم اوز سمیت دیگر نے شرکت کی۔