وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں کو درپیش مسائل حل کرنے ،ہیلتھ سیکٹرریفارمز کیلئے 7 ورکنگ گروپس تشکیل دے دیئے،

مشیر صحت کی زیر صدارت ورکنگ گروپ کا اجلاس،ورکنگ گروپس اپنی حتمی سفارشات 25 نومبر کو چیف سیکرٹری کو پیش کریں گے

پیر 24 نومبر 2014 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) سرکاری ہسپتالوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کیلئے ٹھوس اور قابل عمل سفارشات کی تیاری کے لئے وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے منتخب عوامی نمائندوں ، میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز، پروفیسرز، ہیلتھ پروفیشنلز، ہیلتھ مینجرز، ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسرز اور دیگر افسران پر مشتمل 7 ورکنگ گروپس تشکیل دے دیئے ہیں جو 25 نومبر تک اپنی سفارشات چیف سیکرٹری کو پیش کریں گے جس کے بعد یہ سفارشات منظوری کیلئے وزیر اعلی پنجاب کو پیش کر دی جائیں گی۔

یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں ورکنگ گروپس کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک، منتخب عوامی نمائندوں، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی، میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز، پروفیسرز، ہیلتھ ایکسپرٹس، وزیر اعلی ہیلتھ روڈ میپ کے سربراہ اعزاز اختر، ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ مذکورہ ورکنگ گروپس بنانے کا مقصد سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانا، ہسپتالوں کو درپیش مسائل کو حل کرنا ، ادویات کی خریداری کے نظام کی خامیوں کو دورکرنا، ای مانیٹرنگ کو مزید بہتربنانا اور دیگر مسائل کے حل کے لئے شارٹ ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم سلیوشن کے لئے ماہرین کے تعاون سے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے سفارشات مرتب کرنا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ یہ سفارشات منگل تک تیار کر لی جائیں گی جس کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب اس سلسلہ میں اجلاس کی صدارت کریں گے اور بعد ازاں وزیر اعلی کو منظوری کے لئے پیش کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کے لئے خصوصی فنڈز بھی مہیا کرے گی۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر خود مختار طبی اداروں اور ٹیچنگ ہسپتالوں کیلئے تشکیل دیئے گئے ورکنگ گروپ کے کوارڈینیٹر پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر محمود شوکت ہیں، مینجمنٹ کیڈر، ہیومن ریسورس اینڈ ٹریننگ گروپ کے کوارڈینیٹر پروفیسر فیصل مسعود، ادویات کی خریداری اور کوالٹی ایشورنس گروپ کے کوارڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان، پیڈیا ٹرکس ایمرجنسی اینڈ نیوناٹولوجی گروپ کے کوارڈینیٹرپروفیسر مسعود صادق، ای مانیٹرنگ گروپ کے کوارڈینیٹر عمر سیف چیئرمین پی آئی ٹی بی ، ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے لئے ورکنگ گروپ کے کوارڈینیٹر علی بہادر قاضی، پروگرام ڈائریکٹر پی ایس پی یو جبکہ پرائمری ہیلتھ کیئر کے لئے تشکیل کردہ ورکنگ گروپ کے کوارڈینیٹر اعزاز اختر ، ہیڈ چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ مقرر کئے گئے ہیں ، یہ گروپ اپنے اپنے شعبہ میں خامیوں ، کوتاہیوں کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے قلیل المدت اور طویل المدت حل پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :