طلباء معیاری تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،مجیب الرحمن محمد حسنی ،

صحت مندمعاشرے کے قیام اور ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں،صوبائی وزیر کھیل

پیر 24 نومبر 2014 23:14

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 24نومبر 2014ء) طلباء معیاری تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ صحت مندمعاشرے کے قیام اور ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل، ثقافت، سیاحت میر مجیب الرحمن محمد حسنی نے کمانڈر نیوی بلوچستان محمد اکبر نکئی سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ 21دسمبر 2014ء سے یکم جنوری 2015ء تک گوادر میں حکومت بلوچستان اور نیوی کے تعاون سے سپورٹس فیسٹیول منعقد کرائیں گے جس میں تربت، پنجگور، گوادر اور لسبیلہ کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔

فیسٹیول کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کریں گے جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ کھیلوں کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے موجودہ حکومت نے کوئٹہ میں کامیابی سے سپورٹس فیسٹیول منعقد کرایا اس سپورٹس فیسٹیول کے ساتھ 14اگست کو گیمز کروائے اور کوئٹہ میں ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرایا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ سپورٹس فیسٹیول میں کھلاڑیوں کی دلچسپی اور عوام کا جوش وخروش مثالی رہا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد سے پورے پاکستان میں اچھا پیغام جائے گا اور لوگ یہ جان پائیں گے کہ بلوچستان کے عوام پرامن اور کھیلوں سے محبت کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ کھیل انسانی زندگی پر خوشگوار اثرات ڈالتے ہیں، ایک صحت مند جسم میں ایک توانا دماغ ہوتا ہے، صحت مندمعاشرہ ہی ترقی کے منازل سکا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کھیلوں کو پروان چڑھانے کے ساتھ کھلاڑیوں کی ہرفورم پر حوصلہ افزائی کرے گی۔ گوادر فیسٹیول میں کرکٹ، فٹبال اور دیگر کھیلوں سمیت واٹر سپورٹس پر بھی بھرپور توجہ دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :