کامیاب آپریشن کے بعد سات سالہ بچے کی بینائی لوٹ آئی

منگل 25 نومبر 2014 16:04

کامیاب آپریشن کے بعد سات سالہ بچے کی بینائی لوٹ آئی

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء)الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے ایک پیچیدہ آپریشن کے بعد حادثاتی طور پر زخمی ہونیوالے سات سالہ بچے کی بینائی لوٹا دی۔تفصیلات کے مطابق اٹک کے مزدورتنویر اختر کا سات ماہ کا اکلوتا بیٹا اعمش کھیلتے ہوئے زمین پر گر گیا اور پتھر لگنے سے اسکی بائیں آنکھ بری طرح زخمی ہو گئی۔والدین بلکتے بچے کو لے کر اٹک کے ایک کلینک گئے جہاں انھیں فوراًالشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال جانے کا مشورہ دیا گیا۔

والدین بچے کو راولپنڈی لے آئے مگر وہ آپریشن کے اخراجات ادا کرنے سے قاصر تھے اسلئے ہسپتال کی انتظامیہ نے خود تمام اخراجات اٹھانے کا فیصلہ کیا ڈاکٹر نصرت شریف اور ڈاکٹر شمع خان نے دو دن بعد ذخمی بچے کو مکمل صحت یاب قرار دیتے ہوئے فارغ کر دیا ۔

(جاری ہے)

اپنے بچے کی آنکھ اور بینائی بحال دیکھ کر اسکے والدین آبدیدہ ہو گئے انھوں نے کہا کہ یہ ڈاکٹر ان کیلئے فرشتے ثابت ہوئے ہیں جنھوں نے نہ صرف بینائی لوٹائی بلکہ انکے بچے کو ساری عمر اندھیروں میں بھٹکنے سے بچا لیا۔

ہمارے پاس شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق فوری علاج کی وجہ سے بچے کی آنکھ مکمل بحال ہو گئی ہے اور اسکی بصارت ساری عمر کمزور نہیں ہو گی۔مزکورہ ٹرسٹ نے گزشتہ تئیس سال میں ستر لاکھ افراد کا مفت علاج کیا ہے جس میں پانچ لاکھ آپریشن بھی شامل ہیں۔