کارکن جماعت کا اثاثہ ہیں،عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،سید بازل علی نقوی ،

لچھراٹ میں بلا تخصیص تعمیروترقی کا عمل جاری ہے ،ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،حلقہ میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی،صحت کی سہولیات،تعلیمی اداروں کا قیام اور دیگر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحی ہے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

منگل 25 نومبر 2014 18:43

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) آزادکشمیر کے وزیر زراعت،لائیوسٹاک واطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ کارکن جماعت کا اثاثہ ہیں۔ا ن کی عزت نفس پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ حلقہ لچھراٹ میں بلا تخصیص تعمیروترقی کا عمل جاری ہے جملہ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور تکمیل کے مراحل میں ہیں۔حلقہ میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔

عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی،صحت کی سہولیات،تعلیمی اداروں کا قیام اور دیگر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحی ہے۔گزشتہ ادوار میں حلقہ کو مکمل طور پر نظر انداز رکھا گیا ۔مایوسیوں کا خاتمہ کر یں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے حلقہ لچھراٹ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کنونشن سے وائس چیئرمین علماء ومشائخ صاحبزادہ فضل الرسول طاہر،حاجی غلام مصطفی،علی رضا،رفیق گورسی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

جبکہ اس موقع پر پیپلز پارٹی حلقہ لچھراٹ کے تنظیمی عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ مظفرآباد پیرچناسی روڈ کی پختگی وکشادگی کے منصوبے کی تکمیل سے جہاں بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا وہاں پر سیاحت کو بھی ترقی ملے گی۔ پیرچناسی کو سیاحوں کے لیے پرکشش بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعصب اور برادری ازم کی سیاست کو دفن کر دیا گیا ہے۔

حلقہ میں بلا تخصیص تعمیروترقی کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکن آپس میں اتفاق واتحادسے رہیں اور پیپلز پارٹی کے پرچم کی سربلندی کے لیے کام کریں اور پیپلز پارٹی کی مضبوطی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ سید بازل علی نقوی نے کہا کہ یونین کونسلز کی سطح پر عوام کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبے مکمل کریں گے۔بیروزگاری کا خاتمہ اولین ترجیحی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سازشوں کے باوجود ترقیاتی منصوبے جاری رہیں گے۔عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر ملے گا۔ بازل علی نقوی نے کہا کہ عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ کامیاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ٹارگٹ کے حصول کے لیے جامعہ منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔

بازل علی نقوی نے کہا کہ آنے والے دو ماہ میں تنظیم سازی مکمل کرلیں گے۔ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین علماء مشائخ حاجی فضل الرسول طاہر نے کہا کہ وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی تعمیروترقی کے ہیرو ہیں انہوں نے حلقہ میں تعمیروترقی کا انقلاب برپا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید بازل علی نقوی نے اپنے دور میں حلقہ کی عوام کی تمام محرومیوں کا ازالہ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوامی لیڈر ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی غلام مصطفی،علی رضا اور رفیق گورسی نے کہا کہ سید بازل علی نقوی نے حلقہ دو میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبہ جات دئیے ہیں جن میں سے اکثر مکمل کیے جا چکے ہیں اور باقیوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات حلقہ کے عوام کی شان اور ہردلعزیز قائد ہیں انکے ایک اشارے پر عوام اپنی جان تک دینے کو تیار ہیں۔