صوبائی وزیر خوراک کی پولیوٹیم پر فائرنگ واقعہ کی شدید مذمت

بدھ 26 نومبر 2014 23:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء ) صوبائی وزیر خوراک میر اظہار حسین کھوسہ، صوبائی وزیر ماہی گیری حاجی اکبر آسکانی اور رکن صوبائی اسمبلی میر عامر رند نے کوئٹہ میں پولیو کی مہم کے دوران پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز قرار دیا ہے، اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکہ جات مہم کے ذریعے موذی امراض جو کہ ہمارے بچوں کے مستقبل کو تاریک کر رہے ہیں اور جن کے تدارک کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہمارے مستقبل کے معماروں کو ان خطرناک اور جان لیوا بیماریوں سے بچاؤ کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے ان اقدامات کو چند شر پسند عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے ناکام بنانا چاہتے ہیں، اس طرح کے واقعات میں ملوث عناصر کسی بھی طرح انسان کہلانے کے قابل نہیں، انہوں نے کہا کہ واقعہ میں شہید ہونے والے رضاکار اور محکمہ صحت کے اہلکاروں نے ایک نیک مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والے رضاکاروں کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہید ہونے والوں کے لواحقین کو صوبائی حکومت کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ، دہشت گردوں کا حکومت اور قانون نافذکرنے والے ادارے آخری دم تک پیچھا کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

متعلقہ عنوان :