پولیو ورکرز پر حملہ قابل مذمت ہے ‘ صوبائی حکومتیں پولیو کارکنان کی حفاظت کیلئے وفاقی سکیورٹی اداروں سے مدد لیں ‘ چوہدری نثار علی خان

جمعرات 27 نومبر 2014 12:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کوئٹہ میں پولیو ورکرز پر شدیدمذمت کرتے ہوئے تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولیو کارکنان کیلئے کئے جانے والے سکیورٹی اقدامات کا بغور جائزہ لیں ‘ جہاں ضرورت پڑے وفاقی سیکورٹی اداروں سے مدد لیں ۔منگل کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کوئٹہ میں پولیو ورکرز پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کااظہار کیا ہے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ اس طرح کے دہشتگردانہ حملے ہمارے پولیو سے پاک پاکستان کے خواب کی تکمیل میں حائل نہیں ہوسکتے ۔

وزیر داخلہ نے تمام صوبائی حکومتوں کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ پولیو کارکنان کیلئے کئے جانے والے سکیورٹی اقدامات کا بغور جائزہ لیں اور ان کی حفاظت کیلئے سخت سے سخت اقدامات کریں اور جہاں ضرورت پڑے وفاقی سکیورٹی اداروں سے مدد لی جائے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے یقین دلایا کہ حکومت پولیو کارکنان کو سکیورٹی فراہم کر نے کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں کو ہر طرح کی امداد فراہم کی جائیگی ۔

(جاری ہے)