طلبہ یونین جمہوریت کا حسن اور طلبہ کا بنیادی حق ہے۔ اس پر عائد پابندی ختم کرکے مثبت جمہوری رویوں کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے۔سید آفتاب عظیم بخاری

جمعرات 27 نومبر 2014 17:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء) انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی صدر سید آفتاب عظیم بخاری نے کہا ہے کہ طلبہ یونین جمہوریت کا حسن اور طلبہ کا بنیادی حق ہے۔ اس پر عائد پابندی ختم کرکے مثبت جمہوری رویوں کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے۔تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے طلبہ یونین پر عائد پابندی فی الفور ختم کی جائے ۔

طلبہ یونین پر پابندی کیوجہ سے جمہوریت کے لیے پروان چڑھنے والی مثبت سوچ کو نقصان پہنچا ہے۔ طلبہ یونین پرپابندی سے طلبہ کے مسائل بڑھے ہیں طلبہ یونین پر پابندی کی بجائے تعلیمی اداروں میں سیاسی مداخلت پر پابندی لگائی جائے ۔اے ٹی آئی کی جدوجہد کا مقصد نوجوان نسل کی بہترین تربیت کرنا ہے ۔طلبہ جدید و قدیم علوم پر دسترس حاصل کرکے امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کو کم کرنے کے لیے اپنا کردارعملی طور پر نبھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جامعہ زرعیہ کے طلبہ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے طلبہ پر قوم کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔قوم کو موجودہ نظام سیاست نے مایوس کر دیا ہے ۔عالمی سطح پر امت مسلمہ کے خلاف اسلام دشمن قوتیں یکجان ہیں او ر وہ بلاتفریق رنگ و نسل مسلم امہ کی تباہی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ موجودہ ملکی و عالمی حالات کو اگر بغور دیکھیں تو اس وقت ملت اسلامیہ کی امیدوں کا واحد مرکز نوجوان نسل ہے ۔

ملکی سطح پر ڈکٹیٹروں اور سیاستدانوں کی مشترکہ پالیسی ہے کہ نوجوان نسل اور خصوصاً طلبہ کو ان کے حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ جبکہ عالمی سطح پر اسے جدیدیت کے نام پر مادیت پرستی کا شکار کیا جارہا ہے۔ ایسے میں قائد و اقبال کے شاہینوں اور قوم کے معماروں کو اپنے حقوق کیساتھ ساتھ ارض وطن وملت اسلامیہ کے لیے اپنا کردار زبانی کلامی نہیں بلکہ عملی طور پر نبھانا ہوگا۔

اپنا تعلق اللہ تعالیٰ اور اس کے حبیب کریم سے جوڑ کر اپنے آباؤ اجداد کی وراثت علم کو اپنا ہتھیار بنا کر آگے بڑھنا ہوگا اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کرکے ملت کی مایوسیوں کو ختم کرنا ہوگا۔ملاقات کرنے والے وفد میں محمد عارف ، احسان الٰہی گھمن، حافظ عاقب حسین ، شکیل الرحمن ، اقبال معین ، آصف علی و دیگر ذمہ داران شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :