تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی ‘ اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے، جام مہتاب حسین ڈھر

جمعرات 27 نومبر 2014 18:51

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء)صوبائی وزیر برائے صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے حیدرآباد کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کے فقدان ‘ ڈاکٹروں کی غیر موجودگی اور مریضوں کو ادویات کی عدم دستیابی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت اور حیدرآباد کے سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ حیدرآباد کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنائیں اور ڈاکٹروں کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے سول ہسپتال حیدرآباد ‘ شاہ بھٹائی ہسپتال لطیف آباد‘ گورنمنٹ ہسپتال کوہسار ‘ گورنمنٹ قاسم آباد ہسپتال سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ان ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنائیں ۔

(جاری ہے)

مریضوں کو دواؤں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاجائے ۔ اس کے علاوہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ڈاکٹرز اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں ۔

جام مہتاب حسین ڈھر نے مزید کہا کہ فرائض میں غفلت برتنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔ مریضوں کو پریشان کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں کیونکہ طب کا شعبہ انسانوں کی خدمت کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحت کے شعبے سے کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جارہا ہے جو کام کرے گا وہی محکمہ صحت میں رہ سکے گا بصورت دیگر ایسے غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔