کوئٹہ ، نیشنل پارٹی کی پولیو ورکر کو شہید کرنے کی پرزور مذمت ،قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

جمعرات 27 نومبر 2014 21:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 27نومبر 2014ء ) نیشنل پارٹی کے ضلعی ترجمان نے گزشتہ روز پولیو ورکر کو شہید کرنے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا اور ورثاء کے غم کو بلوچستان کے عوام کا غم قرار دیا کیونکہ پولیو ورکر کی شہادت سے بلوچستان بھر کی عوام غم زدہ ہے انہوں نے کہا کہ قاتل جہاں بھی ہونگے حکومت وقت انہیں ڈھونڈ نکالے گی اور انہیں قرار واقعی سزا دے گی انہوں نے کہا کہ یہ انسان دشمن عمل ہے جس سے کسی کے گھروں کے کفیل کو شہید کردیا جائے اور ان کے گھرانوں میں ماتم برپاء کردیاجائے قاتلوں کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ خدمت کرنے والی بلوچستان کی ماؤں بیٹیوں کو گولیوں کا نشانہ بنائیں انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کیخلاف جن پولیو ورکر نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا انہیں بلوچستان میں پولیو کیخلاف جدوجہد میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا آخر میں انہوں نے شہداء پولیو ورکر کے ورثاء کو یقین دلایا کہ نیشنل پارٹی ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔