صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے لئے تیار کردہ سفارشات چیف سیکرٹری پنجاب کو پیش ،

وزیراعلی کی منظوری کے بعد سفارشات پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا جائے گا‘ نوید اکرم چیمہ کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 28 نومبر 2014 22:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء ) چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ میں اصلاحات ، ہیلتھ سیکٹر کی ترقی اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ میں ہیلتھ سیکٹر ریفارمز کے سلسلہ میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق،سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز،منتخب عوامی نمائندوں، چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام کے چیف اعزاز اختر، آر آئی ٹی بی کے چیف عمر سیف، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود، مختلف میڈیکل کالجز کے پرنسپلز، سینئر طبی ماہرین اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ہیلتھ سیکٹر ریفارمز اور سرکاری ہسپتالوں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے سفارشات تیار کرنے والے 7 گروپس نے اپنے اپنے شعبہ کی بہتری کے لئے تیارکردہ سفارشات پر مبنی پریزنٹیشن پیش کی۔وزیراعلی پنجاب کے مشیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 102 ارب روپے رواں مالی سال میں خرچ کررہی ہے تاہم صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے لئے تیارکردہ سفارشات پر عملدرآمد کے لئے اضافی مالی وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

چیف سیکرٹری نوید اکرم چیمہ نے ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے مہم کو مزید موثر بنایا جائے۔ انہوں نے پولیو ورکرز کو سکیورٹی فراہم کرنے اور ہیلتھ ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنانے والے عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے صحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے سینئر طبی ماہرین، عوامی نمائندوں اور افسران کی جانب سے انتہائی محنت اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ مفید سفارشات تیار کرنے پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ یہ سفارشات جلد ہی وزیراعلی پنجاب کو منظوری کے لئے پیش کر دی جائیں گی اور ان کی منظوری کے بعد ان سفارشات پر عملدرآمد کا آغاز کر جائے گا۔

متعلقہ عنوان :