بلڈ بینک فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک کے زیراہتمام ہیپاٹائٹس بی اور سی کے نقصانات بارے معلوماتی پروگرام کا انعقاد

ہفتہ 29 نومبر 2014 16:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) بلڈ بینک فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک کے زیراہتمام ہیپاٹائٹس بی اور سی کے نقصانات بارے معلوماتی پروگرام کا انعقاد ہفتہ کو کیا گیا جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر زاہد حسین‘ بلڈ بینک کے انچارج شریف استوری اور ہیڈ آف میڈیسن ڈاکٹر افتخار ملک کے علاوہ ڈاکٹرز‘ نرسنگ اور ٹیکنیکل سٹاف نے شرکت کی۔

ای ڈی پولی کلینک ڈاکٹر زاہد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی قابل علاج بیماری ہے‘ احتیاط اور ویکسی نیشن سے اس پر باآسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔ ہیپاٹائٹس بی کا باقاعدہ کورس کروایا جاتا ہے جس سے 99 فیصد اس بیماری سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں بھی اب ویکسی نیشن کیساتھ یرقان کا کورس بھی کروایا جاتا ہے کیونکہ پاکستان اس وقت دنیا میں بی اور سی کی بیماریوں میں سرفہرست ہے۔

(جاری ہے)

ہیڈ آف میڈیسن پولی کلینک ڈاکٹر افتخار ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام نرسوں اور ٹیکنیکل سٹاف کو یرقان بی اور سی کے مریضوں کا خون لیتے ہوئے انتہائی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں اور دستانوں کے بغیر کسی مریض کا خون نہ نکالا جائے کیونکہ خون کے ذریعے یہ بیماری جسم میں منتقل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کی منتقلی اور ڈسپوزایبل سرنج اور حجام کے بلید میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے اس کے علاوہ بچوں کے کانوں اور دانت کے نکلوانے کے اوزار میں بھی خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے‘ بہتر ہے کہ ڈسپوزایبل اوزار کا استعمال کیا جاسکے جس سے اس بیماری کو پھیلنے سے باآسانی روکا جاسکتا ہے۔

بعدازاں ڈاکٹر شریف استوری اور دیگر مقررین نے بھی اس بیماری کے پھیلاؤ اور تدارک پر روشنی ڈالی اور آخر میں تصاویر کے ذریعے نرسز اور ٹیکنیکل سٹاف کو احتیاطی تدابیر کے طریقے سکھائے گئے۔