جنرل ہسپتال: سو سے زائد کنٹریکٹ ملازمین مستقل، خواجہ سلمان رفیق نے تقرر نامے تقسیم کیے،

پیرا میڈکس کیلئے ہسپتال میں ملٹی سٹوری رہائشی فلیٹ تعمیر کیے جائیں گے، پرنسپل انجم حبیب وہرہ، مستقل ہونے والے ملازمین میں خوشی کی لہردوڑ گئی، مریضوں اور لواحقین میں مٹھائی تقسیم کی

ہفتہ 29 نومبر 2014 18:49

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء)مشیر وزیر اعلی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کیلئے صحت کی سہولیات یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔وزیر اعلی شہباز شریف صحت و تعلیم کے شعبوں کو ملکی ترقی اور عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری کی بنیاد سمجھتے ہیں اور اپنے اس مشن کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور اس کے اداروں کی ترقی واستحکام کیلئے ہر فرد کو محنت سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ محکمہ صحت ڈاکٹروں اور نرسوں کے مسائل کافی حد تک حل کر چکا ہے اب پیرا میڈکس اور دیگر ملازمین کو بھی ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہاہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور جنرل ہسپتال کے نیورو آڈیٹوریم میں سو سے زیادہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل ملازمت کے تقرر نامے دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ریگولر ہونے والوں میں بورڈ آف مینجمنٹ میں بھرتی ہونے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر جنید مرزا، انتظامی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداران یوسف بلا، رحمت سندھو، رانا پرویز، ارشد بٹ،خالد گوندل، امین سلامت ، مجید راج، ملک حنیف، فضل سندھو، گلزار، امانت علی، ارشد میو سمیت صوبے کے دیگر ہسپتالوں کے ملازمین بھی موجود تھے۔

تقریب سے پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے مستقل ہونے والے ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ نے پیرا میڈکس ملازمین کیلئے ہسپتال میں ملٹی سٹوری فلیٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں بہت جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے وزیر اعلی پنجاب کے اقدام نے نہ صرف ان ملازمین کے سروں سے عارضی ملازمت کی تلوار ہٹا دی ہے بلکہ ان کے خاندانوں کو بھی معاشی فکر سے آزاد کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے حکم کے مطابق درجہ چہارم کے ملازمین کوپہلے ہی 1500 روپے رسک الاوئنس دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیرا میڈکس ہمارے طبی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے حامل ہیں اور اب ملازمتیں مستقل ہونے کے بعد ان پر دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے ان سے مریضوں کی توقعات میں مزید اضافہ ہو گیاہے ۔امید ہے کہ وہ پورے احساس زمہ داری سے اپنے فرائض منصی ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف صوبے کی تاریخ میں صحت کے شعبے کے محسن کے طور پر یاد رکھیں جائیں گے کیونکہ عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ طبی سہولتوں کی فراہم کو یقینی بنانے کے علاوہ انہوں نے اس شعبے میں کام کرنے والے کارکنوں اور ڈاکٹروں کی ترقی کیلئے بھی انہوں نے مخلصانہ کاوشیں کی ہیں۔تقریب کے بعد ریگولر ہونے والے ملازمین نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور مریضوں اور ان کے لواحقین میں مٹھائی تقسیم کی ۔