حکمرانوں کے پاس جنگلہ بس کیلئے اربوں روپے ہیں، ڈائیلسز مشینوں کی مرمت کیلئے ہزاروں نہیں‘ مونس الٰہی،

ہسپتالوں میں ادویات ہیں نہ آلات عوامی مسائل چھوڑ کر تمام وسائل اقتدار بچانے کیلئے استعمال کر رہے ہیں ، چودھری ظہورالٰہی بلاک عزیزبھٹی ہسپتال کیلئے قیمتی آر او پلانٹ کا عطیہ، ڈائیلسز مشینوں کی مرمت کیلئے بھی اعلان

ہفتہ 29 نومبر 2014 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء ) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی مونس الٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، ان کے پاس اربوں روپے صرف جنگلہ بس پر لگانے کیلئے ہیں لیکن ڈائیلسز مشینوں کی مرمت اور عوام کو صحت کی سہولتیں دینے کیلئے نہیں ہیں، ہسپتالوں میں ادویات ہیں نہ آلات، انہوں نے سارے وسائل اپنے اقتدار کے تحفظ کیلئے مختص کر رکھے ہیں، انہیں صرف اپنا اقتدار عزیز ہے۔

وہ گجرات میں عزیزبھٹی شہید ہسپتال کے چودھری ظہور الٰہی بلاک میں واقع ٹرسٹ آفس میں قیمتی آر او پلانٹ عطیہ کرنے کے بعد گفتگو کر رہے تھے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ حکمران بیرونی دورے بھی اپنے مفاد کیلئے کر رہے ہیں اگر قوم کیلئے ہوتے تو اب تک بجلی بحران کا خاتمہ ہوچکا ہوتا، پہلے تو بجلی بحران ہی تھا موجودہ حکمرانوں نے اقتدار سنبھالتے ہی گیس بحران کا تحفہ دیا ہے لیکن اب جھوٹ کا طلسم ختم ہونے والا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خدمت خلق ہماری خاندانی روایت ہے انشاء اللہ فلاحی منصوبوں کیلئے ہر ممکن وسائل دیتے رہیں گے۔ ایم ایس عزیز بھٹی ہسپتال ڈاکٹر میاں واجد حسین کے توجہ دلانے پر ڈائیلسز کی دونوں خراب مشینوں کی مرمت کروانے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کیلئے بھی کچھ نہیں کرنا اور نہ ہی مریضوں کی بہتری کیلئے کچھ کرنا ہے، ایسے منصوبوں کیلئے آئندہ بھی حاضر ہوں۔ مونس الٰہی جب عزیز بھٹی ہسپتال پہنچے تو مسلم لیگی کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور گلدستے بھی پیش کئے گئے۔ اس موقع پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر صفدر ملک، ڈاکٹر عباس طاہر گوندل اور ڈاکٹر عابد ملک بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :