سیاسی قیادت، سول سوسائٹی ، غیر سرکاری تنظیمیں، سماجی کارکن اور بلدیاتی کونسلرز بلوچستان میں منشیات کے انسداد بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو مہم کو موثر بنانے ،کیلئے صوبائی حکومت سے تعاون کریں،وزیر اعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 29 نومبر 2014 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت، سول سوسائٹی ، غیر سرکاری تنظیمیں، سماجی کارکن اور بلدیاتی کونسلرز بلوچستان میں منشیات کے انسداد بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات اور پولیو مہم کو موثر بنانے کیلئے صوبائی حکومت سے تعاون کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدمت خلق فاونڈیشن کی 12ویں تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسداد منشیات کے عالمی ادارے کی پاکستان اور بلوچستان میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے شائع رپورٹ پر صوبائی حکومت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کوئٹہ سمیت تمام اضلاع اور تحصیلوں کی سطح پر اس کے تدارک کیلئے کمیٹیاں بنانے کا فصیلہ کیا ہے تاکہ اس گھناوٴنے کاروبار اور منشیات کے اڈوں کا قلع قمع کرکے عوام کے گھروں کو اجڑنے اور نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہی سے بچایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی کم شرح بھی تشویشناک ہے ۔ عوام ، سیاسی و مذہبی قیادت ، میڈیا ، سول سوسائٹی اور بلدیاتی نمائندے مشترکہ طور پر منشیات کے خاتمے اور حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کو موثر بنانے میں صوبائی حکومت کی کاوشوں اور اقدامات میں مدد کریں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کے دوران رضاکاروں پر قاتلانہ حملہ انسانیت ، ہماری اقدار اور بچوں کے مستقبل پر حملہ کے مترادف ہے لیکن ہمارے حوصلے کبھی پست نہیں ہونگے ہم بلوچستان سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ اور دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کا عزم کئے ہوئے ہیں ۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خدمت خلق فاونڈیشن کی جانب سے بہترخدمات کے اعتراف کے طور پر شہید میجر جلال الدین اور سا بق ڈپٹی کمشنر عبدالمنصور کاکڑ شہید کو ایوارڈ دیئے ،شہید میجر جلال الدین کا ایوارڈ ان کے والد اور سابق ڈپٹی کمشنر عبدالمنصور کاکڑکا ایوارڈ ان کے بھائی نے وصول کیا۔جبکہ سول سروس میں بہترین خدمات کے اعتراف میں وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد نسیم لہڑی ،صوبائی سیکرٹری آبپاشی نصیب اللہ بازئی ، سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی ، صحت کے شعبے میں بہترین خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ ، جبل نورالقرآن کے بانی اور رکن حاجی اللہ نور داوی ، سابق صوبائی وزیر شفیق احمد خان شہید ، صحافی رضاا لرحمان ، معروف قانون دان باز محمد کاکڑ ایڈوکیٹ ، مسلم ہینڈز کے صاحبزادہ شاہ نورشاہ،پی ٹی وی کے محمد ایوب بابئی ،صحافی اکرام اللہ خان اور پشتونخواہ میپ کے صوبائی صدر عثمان کاکڑ کو ایوارڈز دےئے گئے۔