ایبولا وائرس سے ہلاکتیں 7 ہزار تک پہنچ چکی ہیں، عالمی ادارہ صحت

ایبولا کے پھیلاوٴ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گنی سیرالیون اور لائبیریا میں ایبولا کے سولہ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،رپورٹ

اتوار 30 نومبر 2014 13:07

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔30نومبر 2014ءٰ) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے کہا ہے کہ مغربی افریقی ممالک میں ایبولا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہزار تک پہنچ گئی اور صرف تین روز میں ایک ہزار افراد مارے گئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق مغربی افریقی ممالک میں ایبولا کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہزار 928 ہو گئی ہے۔

لائبیریا میں ایبولا کی مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے جب کہ سیرالیون میں اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لائبیریا، گنی اور سیرالیون میں ایبولا کے 16 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ مالی میں بھی ایبولا کے باعث 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایبولا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سے زیادہ اہم ایبولا کے انفیکشن سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ہے جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور جس پر قابو پانے کے لئے ہمیں اچھا خاصہ وقت درکار ہو گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایبولا کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں لائبیریا میں ہوئیں جہاں اب تک 4 ہزاز 181 افراد اس خطرناک مرض کے باعث اپنی جانون سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ گنی میں ایبولا کی وبا ’قابو‘ میں ہے جب سیرا لیون میں یہ بیماری بہت تیزی سے پھیل رہی ہے جہاں 6 ہزار 802 افراد کو ایبولا کی شکایت ریکارڈ کی جا چکی ہے۔