ڈاکٹرز کی جلد پروموشن کے لئے صحت کے نظام میں جدید اصلاحات لائی جارہی ہیں خواجہ سلمان رفیق

روزہ مرہ کے معمولات میں تبدیلی کرکے شوگر کے مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے‘مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کا تقریب سے خطاب

اتوار 30 نومبر 2014 17:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔30نومبر 2014ء ) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ تمام کیڈرز کے ڈاکٹرز کی اگلے گریڈوں میں جلد ترقیوں کے لئے پروموشنز کے حوالے سے آئندہ چند دنوں تک 20-25 سال کا روڈ میپ جاری کر دیا جائے گا،گزشتہ ایک ڈیڑھ سال کے عرصہ میں کثیر تعداد میں مختلف کیڈرز کے ڈاکٹرز کو پہلے ہی پروموٹ کیاجا چکا ہے۔

انہوں نے یہ بات لاہور جنرل ہسپتال میں ذیابیطس کے بارے کلینیکل سمپوزیم کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ کہ ہیلتھ ڈلیوری سسٹم کو احسن طریقہ سے چلانے کے لئے حکومت ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈکس کے مفادات کا تحفظ کرے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام اقدامات کا بنیادی مقصد عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور ہیلتھ ریفارمز کا اصل ہدف مریضوں کی مشکلات کا ازالہ کرناہے۔

(جاری ہے)

مشیر صحت نے کہا کہ حکومت علاج معالجہ کی سہولیات میں اضافہ کے ساتھ بیماریوں کی روک تھام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ لوگ بیماریوں میں مبتلا نہ ہوں اور ہسپتالوں میں ڈیزیز برڈن کو کم کرکے مریضوں کا رش بھی کم کیا جا سکے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت بچوں کو9 مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے روٹین(ای پی آئی) ایمونائزیشن کوریج کو بہتر بنا رہی ہے اور ویکسنیٹرز کی مانیٹرنگ کے لئے انہیں اینڈرائیوڈ فون بھی دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیماریوں کے خلاف زیادہ سے زیادہ عوامی شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ذیابیطس(شوگر) ہمارے معاشرے کی ایک عام بیماری ہے جو دیگر بہت سے موذی امراض کو جنم دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ کے معمولات اور خوراک میں تبدیلی کرکے شوگر کے مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ذیابیطس کے بارے کلینیکل سمپوزیم میں مختلف طبی ماہرین نے لیکچرز دئیے۔

ان میں پروفیسر محمود علی ملک، پروفیسر ندیم الدین ریاض، پروفیسر اصغر نقی، پروفیسر ایم اسلم،پروفیسر آغا شبیر علی، ڈاکٹر عمران حسن خان، پروفیسر غیاث النبی طیب، پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ شامل ہیں۔تقریب سے قائمقام ایم ایس ڈاکٹر جنید مرزا نے بھی خطاب کیا۔ طبی ماہرین نے ذیابیطس کی اقسام اور بچوں میں پائی جانے والی ذیابیطس کے بارے مفید معلومات فراہم کیں۔

انہوں نے زور دیا کہ شوگر کے مریض روزانہ واک کو معمول بنا کر اور اپنا وزین کم کرکے شوگر کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔ معالجین کا کہنا تھا کہ خوش خوراکی،چکنائی کا زیادہ استعمال، زیادہ کھانا اور کم نقل وحرکت شوگر کے مرض کو دعوت دیتا ہے جس سے بلڈ پریشر،امراض قلب،نابینا پن اور دیگر موذی امراض جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متوازن غذا اور صبح شام کی سیر سے ذیابیطس کا مریض اپنے آپ کو جسمانی طور پر تندرست رکھ سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :