صوبہ بھر میں پولیو ورکرز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت

پیر 1 دسمبر 2014 13:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبے میں انسداد پولیو کی مہم کے دوران پولیو ورکرز کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیاہے تاکہ پولیو ورکرز بلا خوف و خطر گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا سکیں۔اس سلسلہ میں سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک نے تمام ڈویژنل کمشنرز، تمام ڈسڑکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز، سی سی پی او، آر پی اوز اور ڈسڑکٹ پولیس آفیسرز کو ایک مراسلہ ارسال کردیاہے۔

(جاری ہے)

مراسلہ میں کہا گیاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب ذاتی طور پر پولیو ورکرز کے سکیورٹی معاملات کو مانیٹر کررہے ہیں اور ان کی واضح ہدایات ہیں کہ انسداد پولیو مہمات کے دوران ہر سطح پر پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں مناسب سکیورٹی پلان ترتیب دے کر ڈویژن، ڈسڑکٹ اور نچلی سطح پر ڈیوٹی لگا کر ذمہ داریوں کا تعین کردیا جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔