سٹیل ملز کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی قابل مذمت ہے، فوری واجبات ادا کئے جائیں، ا سد عمر،

حکومت نے ناکام معاشی پالسیوں کا بوجھ غریب عوام ،محنت کش طبقے پر ڈال رکھا ہے،رہنماء تحریک انصاف

پیر 1 دسمبر 2014 18:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شدید مذمت کی ہے اور ملازمین کو واجبات کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غریب ملازمین کے واجبات کی ادائیگی روکنا انتہائی افسوسناک ہے، ان کے مطابق حکومت نے اپنی ناکام معاشی پالسیوں کا پورا بوجھ غریب عوام اور محنت کش طبقے پر ڈال رکھا ہے اور معاشی ڈھانچے میں اصلاحات متعارف کروانے کی بجائے اعلی عہدوں پر متعین افسران کی بدعنوانیوں اور بدانتظامیوں کی سزا غریب ملازمین کو دی جا رہی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ تحریک انصاف اسٹیل ملز ملازمین کے حقوق کیلئے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہے گی۔ اپنے بیان میں تحریک انصاف کے رہنما نے اسٹیل ملزکی نجکاری اور فروخت کی حکومتی کوششوں کی بھی شدید مذمت کی اور واضح کیا کہ تحریک انصاف قومی اثاثے بیچنے کی بجائے ان کے اصلاح حال کے ذریعے ان کی کارکردگی بہتر بنانے پر یقین رکھتی ہے۔