ڈاکٹر عارف شہزاد بھٹی الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول جنرل ہسپتال کے انچارج مقرر ،

مریضوں کی دن بدن بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کوالیفائیڈ پیرامیڈیکس تیار کرنے کی اشد ضرورت ہے، پرنسپل پی جی ایم آئی

پیر 1 دسمبر 2014 18:39

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عارف شہزاد بھٹی کو الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول لاہور جنرل ہسپتال کا پروجیکٹ ڈائریکٹر و انچارج مقرر کردیا ہے۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے اس بارے میں بتایا کہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول ایل جی ایچ میں پبلک ہیلتھ ٹیکنالوجی، آپریشن تھیٹر ٹیکنالوجی، میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی، ریڈیوگرافی اینڈ امیجنگ ٹیکنالوجی اور فزیوتھراپی کے ڈپلومہ کورسز کرائے جائیں گے جن کی مدت 2سال ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سکول کا پنجاب فیکلٹی سے الحاق ہوگا ۔ واضح رہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں ڈائیلسز ٹیکنیشن اور ڈسپنسر کورس پہلے سے کرائے جارہے ہیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ صوبے کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مریضوں کی دن بدن بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کوالیفائیڈ پیرامیڈیکس تیار کرنے کی اشد ضرورت ہے اور یہ سکول پیرامیڈیکس کی کمی کا مسئلہ حل کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہاں سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات صحت کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے کے لیے جامع پروفیشنل تربیت حاصل کرسکیں گے۔