بہاول پور سمیت 12اضلاع کے دیہی علاقوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے مختلف سکیموں کا آغاز جلد کر دیا جائے گا، کیپٹن(ر)جاوید اکبر ،

دور دراز دیہی علاقوں کے پانی کے مسائل کا جائزہ لے کر واٹر سپلائی سکیمیں بنائی جائیں گی تاکہ نچلی سطح تک صحت مند زندگی کے رجحان کو فروغ حاصل ہو،کمشنر بہاولپور

پیر 1 دسمبر 2014 19:46

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء) کمشنر کیپٹن(ر)جاوید اکبر نے کہا ہے کہ صاف پانی پراجیکٹ کے تحت بہاول پور سمیت 12اضلاع کے دیہی علاقوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے مختلف سکیموں کا آغاز جلد کر دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر دور دراز دیہی علاقوں کے پانی کے مسائل کا جائزہ لے کر واٹر سپلائی سکیمیں بنائی جائیں گی تاکہ نچلی سطح تک صحت مند زندگی کے رجحان کو فروغ حاصل ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں منعقدہ صاف پانی پراجیکٹ کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو افسر پنجاب صاف پانی کمپنی فراست اقبال، اراکین صوبائی اسمبلی خالد محمود ججہ، شعیب اویسی، خالد محمود وارن، چوہدری افضل گل، کاظم علی پیرزادہ، سید مسعود عالم، میاں اسلام اسلم، مسلم لیگی رہنما میاں شاہد اقبال، ملک ظہیر اقبال سمیت بہاول پور، بہاول نگر اور رحیم یار خاں کے انتظامی افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر کیپٹن(ر) جاوید اکبر نے کہا کہ دیہی علاقوں تک صاف پانی کی رسائی ممکن بنانے کے لئے کثیر الجہتی منصوبہ بندی کے تحت ہر علاقے کے زمینی پانی کے مسائل کا تجزیہ کر کے سکیمیں ترتیب دی جائیں گی۔ پراجیکٹ چیف ایگزیکٹیو افسر فراست اقبال نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صاف پانی پائلٹ پراجیکٹ میں بہاول پور، لودھراں، بہاول نگر، رحیم یار خاں، ڈیرہ غازی خاں، فیصل آباد، ساہیوال سمیت 12مختلف اضلاع کے دیہی علاقوں کے پانی کا جائزہ لیا گیا جس میں سے اکثر علاقوں کا پانی معیار کے مطابق نہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یونیسکو کے ایک تجزیاتی جائزے کے مطابق23ہزار دیہات کے 46ہزار پانی کے نمونوں کا معائنہ کیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر یہ پائلٹ منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس کا دائرہ کار 2016ء تک صوبے بھر تک بڑھا دیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس منصوبے کے دور رس نتائج حاصل کرنے کے لئے یوزر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جن میں اراکین اسمبلی اور علاقائی نمائندوں کو بھی شریک کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ عوام الناس میں صاف پانی کے ضیاع کو روکنے ، آبی ذرائع کو آلودگی سے محفوظ رکھنے اور حفظان صحت کے اصولوں کی ترویج کے لئے جلد آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے علاقوں کے پانی کے مسائل بتائے اور ان کے حل کے لئے تجاویز دیں۔

متعلقہ عنوان :