مشرف نے گرتے ہوئے اقتدار کو بچانے کیلئے عوام اور فوج میں دوریاں پیدا کر دی ہیں،نواز شریف،جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے ،کسی آمر کو وردی یا بغیر وردی کے قبول نہیں کرینگے،وکلاء کی جرات مندانہ آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں،(ن) لیگ کے قائد کی غلام دستگیر سے ٹیلی فونک گفتگو

پیر 18 جون 2007 22:58

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مشرف نے اپنے گرتے ہوئے اقتدار کو بچانے کیلئے عوام اور پاک فوج میں دوریاں پیدا کر دی ہیں،ان کا جینا مرنا پاکستان کے 18 کروڑ عوام کے ساتھ ہے کوئی بھی طاقت ان کو زیادہ عرصہ اپنوں سے دور نہیں رکھ سکتی وہ عنقریب وطن واپس آئینگے قوم استقبال کی تیاریاں کرے،کسی آمر کو وردی یا بغیر وردی کے قبول نہیں کرینگے،وکلاء کی جرات مندانہ آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بذریعہ ٹیلیفونک پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی نائب صدر غلام دستگیر خان سے ان کی عیادت کے دوران کیا اس موقع پر میاں شہباز شریف بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے غلام دستگیر خان کی مکمل صحت یابی کی دعا کی میاں نواز شریف نے کہا کہ وہ کسی آمر کو وردی یا بغیر وردی کے قبول نہیں کرینگے بے گناہ معصوم محب وطن پاکستانیوں کے خون کا حساب لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وکلاء کی جرات مندانہ آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں اور دنیا کی تمام مہذب اور جمہوریت پسند قومیں پاکستانی وکلاء سے یکجہتی کا اظہار کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے آمریت کے آگے نہ جھکنے پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والہانہ فقید المثال استقبال نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے دوسرے صوبوں کی طرح پنجاب کے عوام کی غیرت جوش میں آچکی ہے اور انہوں نے ملک سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے آمریت کی بساط سمیٹنے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرف نے اپنے گرتے ہوئے اقتدار کو بچانے کیلئے عوام اور پاک فوج میں دوریاں پیدا کر دی ہیں۔ جس کے افسوس ناک واقعات رونماء ہونے شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی کانفرنس میں آمریت کو ختم کرنے کا ٹھوس اور حتمی پروگرام مرتب کیا جائیگا جبکہ اس کانفرنس میں میثاق جمہوریت کی تجدید کا عہد بھی کیا جائیگا۔ میاں نواز شریف نے غلام دستگیر خان سے کہا کہ وہ ان کی اور میاں شہباز شریف کی جانب سے مرد آہن چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے جانثار وکلاء کی خدمت میں خلوص و محبت کا سلام پیش کریں کہ پاکستانی قوم قیام پاکستان پر قائد اعظم محمد علی جناح کے بعد استحکام پاکستان پر وکلاء برادری کی مثالی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کریگی۔

متعلقہ عنوان :