چیئرمین سی ڈی اے نے کیپیٹل ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کے لیے اضافی بلاک بنانے کی منظوری دیدی

پیر 1 دسمبر 2014 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء) چیرمین سی ڈی اے معروف افضل نے سی ڈی اے کیپیٹل ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کے لیے اضافی بلاک بنانے کے اصولی منظوری دیتے ہوئے اس منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 100میلین روپے بھی مختص کر دئیے ہیں۔ اس اضافی بلاک کی 5منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی۔ چیرمین سی ڈی اے نے کیپیٹل ہسپتال کے آپریشن تھیٹراور کارڈیک سینٹر کی اپ گریڈیشن کا کا م بھی مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ فیصلہ چیرمین سی ڈی اے معروف افضل کی صدارت میں سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں اعلی سطح کے اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد، سی ڈی اے کیپیٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈاریکٹر ڈاکٹر آصف علی ، ڈاریکٹر ایڈمن فیاض لودھی اور سی ڈی اے ہسپتال کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی ڈی اے ہسپتال میں مریضوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

چیرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے ہسپتال کے اضافی بلاک کی منظوری دیتے ہوے کہا کہ اضافی بلاک بنانے کا مقصد زیادہ سے زیادہ مریضوں کوسہولیات فراہم کرنا ہے۔ سی ڈی اے کیپیٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈاریکٹر ڈاکٹر آصف علی نے چیرمین سی ڈی اے کو بتایا کہ اضافی بلاک کی 5منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی جس میں ابتدائی طور پر 70بیڈ ز بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی تاہم چیرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر بیڈز کی تعداد کو بڑھا کر 100کر دیا گیا ہے۔

چیرمین سی ڈی اے نے کیپیٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈاریکٹر کو ہدایات جاری کیں کہ فوری طور پر اینجیو پلاسٹی اور کیتھ لیب میں اسٹاف کو فوری رکھا جائے تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو سہولیات میسر ہوسکیں۔ ا یگزیکٹو ڈاریکٹر سی ڈی اے ہسپتال نے اجلاس کو بتایا کہ کیپیٹل ہسپتال سے سی ڈی اے ملازمین کو ریفر کرنے سے سالانہ اڑھائی کروڑ روپے خرچ ہوتے تھے تاہم کارڈیک سینٹر کی تعمیرسے اب سی ڈی اے کو سالانہ اڑھائی کروڑ روپے کی بچت ہو گی۔

اس کے علاوہ اس سینٹر سے مستفید ہونے والے پرائیویٹ مریضوں سے بھی ادارے کو خاطر خواہ آمدنی ہو گی۔ ڈاکٹر محمد آصف نے اجلاس کو بتایا کہ کیپیٹل ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کی اپ گریڈیشن اور توسیع سے بھی سی ڈی اے کے ہزاروں حاضر سروس اور ریٹائریڈ ملازمین کے علاوہ پرائیویٹ مریضوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ جدید سہولت میسر ہو گی۔ اپ گریڈیشن میں موجودہ آپریشن تھیٹر میں توسیع کر کے بیک وقت چار آپریشن کرنے کی سہولت مہیا کی جائے گی جس سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا۔

آپریشن سینٹر کے توسیعی منصوبے میں تھیٹر سے متعلقہ جدید آلات، مشینری اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ چیرمین سی ڈی اے معروف افضل نے ہدایت کی کہ کیپیٹل ہسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر کے لیے PC-1فوری تیار کیا جائے جبکہ آپریشن تھیٹر اور کارڈیک سینٹر کا ٹینڈر اخبارات کو جاری کر کے کام کا آغاز کرایا جائے تاکہ آگلے سال مارچ کے مہینے میں ان دونوں سہولیات سے مریض اسفادہ کر سکیں۔ چیرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے کیپیٹل ہسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال بنانا چاہتا ہے تاکہ اس ہسپتال سے سی ڈی اے ملازمین کے علاوہ پرائیوٹ لوگ بھی استفادہ کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :