امن و امان ، تعلیم و صحت کی بہتری، کرپشن اقرباء پروری کے خاتمہ کے بغیر بلوچستان کی تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، عبدالمالک بلوچ،

میر علی حسن منجھو کی نیشنل پارٹی میں شمولیت سے صوبے میں مثبت سیاست، عوامی جدوجہد کو تقویت ملے گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان

پیر 1 دسمبر 2014 23:28

منجھوشوریٰ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ امن و امان ، تعلیم و صحت کی بہتری، کرپشن اقرباء پروری کے خاتمہ کے بغیر بلوچستان کی تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، میر علی حسن منجھو کی نیشنل پارٹی میں شمولیت سے بلوچستان میں مثبت سیاست، عوامی جدوجہد کو تقویت ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منجھوشوری میں میر علی حسن منجھو کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر بڑے اور تاریخی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے امن و امان کی بہتری کے لیے موثر اقدامات کے باعث صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

پولیس اور انتظامیہ میں سفارش کے کلچر کا خاتمہ اور میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیوں سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں کمی آئی ہے، ماضی میں صرف کوئٹہ میں72اغواء برائے تاوان کے گروہ سرگرم تھے، تمام قومی شاہراہیں غیر محفوظ تھیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، لیکن تمام مشکلات کے باوجود عوام کی فلاح و بہبود ، بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، ہم نے تعلیم کے بجٹ کو 4فیصد سے بڑھا کر 26فیصد کر دیا ہے، صوبے میں 3نئے میڈکل کالجز، 6یونیورسٹیاں ، 3بورڈ آف انٹرمیڈیٹ قائم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تعلیم کی بہتری کے لیے 4ہزار سے زائد اساتذہ کی آسامیوں کو خالصتاً میرٹ پر این ٹی ایس (NTS) کے ذریعے بھرتی کا عمل شروع کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری اور غیر حاضر اساتذہ اور ڈاکٹر کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے گرین بیلٹ کے مسائل اور مشکلات سے صوبائی حکومت بخوبی آگاہ ہے، پٹ فیڈر کینال کی ڈریجنگ سے پانی کے مسئلے میں کمی آئے گی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اوچ پاور پروجیکٹ فیز۔

IIکے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے نصیر آباد اور سبی کے علاقوں کو اوچ پاور پراجیکٹ سے بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی اور مذکورہ منصوبے پر جلد کام کا آعاز کر دیا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے نصیر آباد، جعفر آباد، صحبت پور میں ہیپاٹائٹس کی روک تھام کے لیے ویکسینیشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے چھ گرلز اور بوائز سکولوں کی اپ گریڈیشن کے احکامات میر علی حسن منجھو کے حوالے کئے، وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ مراد جمالی کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے سے متعلق کمشنر نصیر آباد کو فوری رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی، عوامی اجتماع سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یاسین بلوچ، رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی، صوبائی وزیر زراعت سردار اسلم بزنجو، وزیر اعلیٰ کے ترجمان جان محمد بلیدی، اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق، یاسمین لہڑی، نیشنل پارٹی کے رہنما میر کبیر احمد محمد شہی، میر علی حسن منجھو، چیئرمین بی ایس او پجار اسلم بلوچ ، میران بلوچ، وڈیرہ عرض محمد عمرانی، کامریڈ تاج بلوچ ، گہرام بلوچ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔