ڈاکٹروں نے طاہرالقادری کی صحت کو غیر تسلی بخش قرار د یدیا، علاج کیلئے آج امریکا روانہ ہوں گے،

طاہرالقادری کی طبیعت ناساز ، بلڈ پریشر کنٹرول نہیں ہورہا ، دل کا عارضہ بھی لاحق ہے جس کے باعث انہیں فوری طور پر بیرون ملک علاج کی ضرورت ہے،ڈاکٹرز

منگل 2 دسمبر 2014 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2014ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری علاج کے لیے آج( بد ھ) کی صبح 6 بجے امریکا روانہ ہوں گے۔میڈیارپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں کی پانچ رکنی ٹیم نے طاہرالقادری کا ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی طبی معائنہ کیا اور ان کی صحت کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر بیرون ملک علاج کرانے کا مشورہ دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری کی طبیعت ناساز ہے اور ان کا بلڈ پریشر کنٹرول نہیں ہورہا جبکہ انہیں دل کا عارضہ بھی لاحق ہے جس کے باعث انہیں فوری طور پر بیرون ملک علاج کی ضرورت ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے ڈاکٹروں کے مشورے پر امریکا سے علاج کرانے کا فیصلہ کیا جس کے لیے وہ کل صبح 6 بجے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے روانہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا امریکا میں اس ہسپتال سے علاج ہوگا جہاں سے وہ پہلے بھی علاج کراتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ بھکر کے دورے کے بعد سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی طبیعت ناساز ہے جس کے باعث ڈاکٹروں نے ان سے ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد کردی تھی جبکہ عوامی تحریک نے اپنے قائد کی خرابی صحت کی وجہ سے پہلے سے طے شدہ جلسے بھی ملتوی کردیئے ہیں۔