خصوصی افراد کی کفالت اورنگہداشت کرناکسی بھی معاشرے کے صحت مند ہونے کی دلیل ہوتی ہے:شہبازشریف،

معاشرے میں خصوصی افراد کے سیاسی ،سماجی،معاشی اورثقافتی وقار کا شعوراورآگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کی بحالی کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں،وزیراعلیٰ کاخصوصی افرادکے عالمی دن پر پیغام

منگل 2 دسمبر 2014 20:23

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی کفالت اورنگہداشت کرناکسی بھی معاشرے کے صحت مند ہونے کی دلیل ہوتی ہے ۔حکومت پنجاب خصوصی افرادکی بحالی کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے تاکہ وہ عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں اوراپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر مفید شہری بن سکیں۔

خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ خصوصی افراد کو معذور نہیں کہنا چاہیے بلکہ وہ نارمل انسانوں سے بھی زیادہ صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں اور اگر انہیں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ مفید شہری کی حیثیت سے ملک کی تعمیر وترقی میں موثر کردارادا کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں خصوصی افراد نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے تاہم ابھی بھی معاشرے میں خصوصی افراد کے حوالے سے سیاسی ، سماجی،معاشی اورثقافتی وقار کا شعوراورآگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے،خصوصی بچوں کو بہتر تعلیم و تربیت دے کر معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراداورسپیشل بچوں کی بحالی اورانہیں معاشرے کے مفید رکن بنانے کیلئے متعدداہم اقدامات کئے ہیں۔ خصوصی افراد کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔صوبے بھر میں قائم سپیشل ایجوکیشن مراکز میں مفت تعلیم،یونیفارم، ٹرانسپورٹ کے علاوہ قوت سماعت اوربصارت سے محروم طلباء کوفنی تربیت بھی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد کو معاشرے میں ان کاجائزحق اور با وقار مقام دلانے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردارادا کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :