پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام پیغام اسلاف کانفرنس 30 دسمبر کو لاہور میں ہو گی،ملک بھر سے دو ہزار سے زائدعلماء و مشائخ شریک ہونگے،طاہر محمود اشرفی نے مولانا زاہد محمود قاسمی کو رابطہ کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا ،

کانفرنس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور آئین پاکستان کی سربلندی ، محروم طبقوں کے حقوق کیلئے جدوجہد اور اسلامی شعائر کیخلاف ہونیوالے پراپیگنڈے کو روکنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا‘ چیئرمین پاکستان علماء کونسل

منگل 2 دسمبر 2014 21:18

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2014ء) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام پیغام اسلاف کانفرنس 30 دسمبر کو لاہور الحمراء ہال میں ہو گی، کانفرنس میں ملک بھر سے دو ہزار سے زائدعلماء و مشائخ شریک ہوں گے۔ جبکہ کانفرنس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور آئین پاکستان کی سربلندی ، محروم طبقوں کے حقوق کے لیے جدوجہد اور اسلامی شعائر کے خلاف ہونے والے پراپوگنڈے کو روکنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

کانفرنس کے انتظامات کے لیے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مولانا زاہد محمود قاسمی کو رابطہ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جو علماء و مشائخ اور سیاسی و مذہبی قائدین سے رابطہ کرے گی۔ رابطہ کمیٹی میں حافظ حسین احمد (مردان ) ، مولانا طارق مدنی (کراچی) ، علامہ ایوب صفدر (گجرانوالہ) ، مفتی محمد یونس (آزاد کشمیر) ، مولانا عبد الحمید صابری (اسلام آباد) شامل ہیں جبکہ انتظامی کمیٹی میں حافظ محمد امجد ، مولانا نعمان حاشر ، قاری احمد علی ندیم ، مولانا شفیع قاسمی ، مولانا انوار الحق مجاہد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

استقبالیہ کمیٹی میں مولانا عمار بلوچ ، مولانا اشفاق پتافی ، مولانا سمیع اللہ ربانی ، قاری وقار احمد عثمانی ، مولانا احمد ندیم، مولانا اعظم فاروق اور دیگر شامل ہیں۔ کانفرنس کے لیے قائم کمیٹیوں کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہا کہ پیغام اسلاف کانفرنس پاکستان میں امن ، محبت ، رواداری کا پیغام لے کر آئے گی ۔

پیغام اسلاف کانفرنس پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کے لیے لائحہ عمل طے کرے گی جس میں کسی کو کسی تعصب کی بنا پر انصاف اور بنیادی حقوق سے محروم نہ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا محراب و منبر کے وارثوں کو اب میدان میں نکلنا ہو گا اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ میں غیر مسلموں اور مسلمانوں کے حقوق کے بارے میں دنیا کی رہنمائی کی ہے اور خلافت راشدہ کا دور ہمارے سامنے عملی نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیغام اسلاف کانفرنس سے قبل ملک کے مختلف حصوں میں علماء و مشائخ کنونشن منعقد کیے جائیں گے اور وفاق المساجد پاکستان کو گلی محلہ اور شہروں کی سطح پر منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیغام اسلاف کانفرنس میں مکہ مکرمہ سے الشیخ مولانا عبد الحفیظ مکی ، مولانا زر ولی خان ، مولانا عبد الحق مجاہد ، مولانا عبد الباقی بلوچ ، مولانا قاری اللہ داد خطاب کریں گے اور پاکستان میں موجود تمام مکاتب فکر اور تمام مذاہب کے نمائندے بطور مبصر شریک ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :