سنی اتحاد کونسل 5دسمبر کو ”یومِ حمایت کالاباغ ڈیم“ منائیگی،ڈیم کے حق میں لٹریچر کی تیاری کیلے کمیٹی بھی قائم کر دی ‘صاحبزادہ حامد رضا ،

خطباتِ جمعہ میں کالاباغ ڈیم کی اہمیت و افادیت بیان کی جائیگی ،ڈیم کے حق میں قراردادیں منظور کی جائیگی‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل

منگل 2 دسمبر 2014 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2014ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل جمعہ 5 دسمبر کو ”یومِ حمایت کالاباغ ڈیم“ منائے گی، اس موقع پر ملک بھر میں خطباتِ جمعہ میں کالاباغ ڈیم کی اہمیت و افادیت بیان کی جائے گی اور جمعہ کے اجتماعات میں کالاباغ ڈیم کے حق میں قراردادیں منظور کی جائیں گی۔

سنی اتحاد کونسل نے کالاباغ ڈیم کے حق میں لٹریچر کی تیاری کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کالاباغ ڈیم سے پنجاب ہی نہیں پورے ملک کو فائدہ ہو گا اور قوم کو سستی بجلی ملے گی۔ حکومت کالاباغ ڈیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے کوششیں کرے۔ بھارت کالاباغ ڈیم کی مخالفت کے لیے پیسے تقسیم کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالاباغ ڈیم کی حمایت میں چلائی جانے والی ملک گیر مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے واپڈا کے سابق چیئرمین شمس الملک بتا چکے ہیں کہ اس ڈیم سے خیبرپختونخوا کو کوئی نقصان نہیں ہو گا۔ کالاباغ ڈیم پاکستان کی خوشحالی کا سبب بنے گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پٹرول کی قلت کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہے۔ پٹرول سستا ہونے کے باوجود حکومت ٹرانسپورٹ کے کرائے کم نہیں کروا سکی۔

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کے خلاف ہڑتالیں کرواتے رہے ہیں۔ آج وہ کس منہ سے تحریک انصاف کی ہڑتالوں کی مخالفت کر رہے ہیں۔ حکمران اپنے اثاثے پاکستان منتقل کریں۔ مساواتِ محمدیﷺ کا نظام لا کر طبقاتی نظام ختم کیا جا سکتا ہے۔ آرمی چیف کا دورہٴ امریکہ سفارتی اور فوجی لحاظ سے موٴثر اور مفید کوشش ہے۔ آرمی چیف نے امریکہ میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں اور موٴقف دو ٹوک انداز میں پیش کیا ہے۔

آرمی چیف نے امریکی حکام کو باور کرایا ہے افغانستان میں مستقل امن قائم کرنے کے لیے بھارت سے زیادہ پاکستان کا تعاون ضروری ہے انہوں نے امریکی قیادت پر واضح کیا ہے کہ بھارت کا جارحانہ کردار امن دشمن ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف مہم متاثر ہو رہی ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ حکومت دعووں کے باوجود بجلی چوری پر قابو نہیں پا سکی جس کی وجہ سے بجلی کے صارفین کو اووربلنگ کے عذاب کا سامنا ہے۔ حکومت بجلی چوری کا سارا بوجھ بجلی صارفین پر ڈال رہی ہے۔ اس ظلم کو ختم کیا جائے۔