حکومت کے ساتھ کوئی ڈیل یا سمجھوتہ کر کے باہر نہیں جا رہا ‘ صحت یابی کے بعددوبارہ سے جدو جہد کا آغاز کروں گا‘سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا‘ غریبوں کے حقوق کے لئے جس جدو جہد کا آغاز کیا ہے وہ جاری رہے گی

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی امریکہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو

بدھ 3 دسمبر 2014 15:22

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ کوئی ڈیل یا سمجھوتہ کر کے باہر نہیں جا رہا بلکہ صحت یابی کے بعد وطن واپس آکر دوبارہ سے جدو جہد کا آغاز کروں گا۔بدھ کے روز امر یکہ روانگی سے قبل اپنی رہا ئش گا پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا‘ غریبوں کے حقوق کے لئے جس جدو جہد کا آغاز کیا ہے وہ جاری رہے گی‘ کوئی ڈیل یا سمجھوتہ کر کے باہر نہیں جا رہا بلکہ صحت یابی کے بعد وطن واپس آکر اس قاتل، جابر اور جبر و استحصال کے نظام کے خاتمے کے لئے اور کروڑوں لوگوں کے حقوق کے لئے اس جدوجہد کا دوبارہ اسی نقطے سے آغاز کروں گا جہاں چھوڑ کر جا رہا ہوں۔

(جاری ہے)

طاہرالقادری نے کہا کہ حکومت کی بنائی ہوئی جے آئی ٹی کو مسترد کر دیا ہے، کارکن افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ صحت اور بیماری تو اللہ کے ہاتھ میں ہے، میرا بلڈ پریشر نارمل نہیں ہو رہا، 1982 سے دل کی تکلیف میں مبتلا ہوں اور گزشتہ 32 سال سے دوائیں استعمال کر رہا ہوں۔واضح رہے کہ طاہرالقادری ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق علاج و معالجے کی غرض سے امریکا جا رہے ہیں جب کہ ان کے ہمراہ ڈاکٹرز بھی ٹیم بھی جہاز میں ان کے ساتھ ہو گی۔