آئندہ دو تین ماہ میں ہزاروں ڈاکٹرز اگلے گریڈوں میں پرموٹ ہو جائیں گے‘ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ،

وزیراعلی پنجاب کے حکم پرمحکمہ صحت نے نئی آسامیاں پیدا کرنے اور اور سروس سٹرکچر کے لئے محکمہ خزانہ کو سمری بھجوا دی، گریڈ 18 میں پروموشن کے لئے ڈیپارٹممنٹل پروموش کمیٹی کے اجلاسوں کا آغاز 15جنوری سے شروع ہو جائیگا ‘ اجلاس سے خطاب

بدھ 3 دسمبر 2014 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کے حکم پر تمام گریڈوں کے ڈاکٹرزکی اگلے گریڈوں میں ترقیوں کے لئے محکمہ صحت نے نئی آسامیاں پیدا کرنے اور سروس سٹرکچرکے معاملات بارے سمری تیار کرکے محکمہ خزانہ کو منظوری کے لئے بھجوادی ہے،آئندہ 3-2 ماہ کے اندر تمام گریڈوں کے ہزاروں ڈاکٹرز اگلے گریڈوں میں پرموٹ ہو جائیں گے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ میں ڈاکٹروں کی اگلے گریڈوں میں ترقی اور سروس سٹرکچر کے معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ سلمان غنی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈپٹی سیکرٹری عدنان طفر اور ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ راجہ منصور نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے ہزاروں ڈاکٹرز کی پروموش کے لئے راہ ہموار ہو گئی ہے اور 15 سال سے ترقی کے منتظر گریڈ 18 اور 19 کے ڈاکٹرزکو اگلے گریڈوں میں ترقی دے دی جائے گی۔سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے بتایا کہ گریڈ 17 کے ڈاکٹروں کی بطور سینئر میڈیکل آفیسرزگریڈ18 میں ترقی کے لئے 15 جنوری 2015 سے ڈیپارٹممنٹل پروموش کمیٹی کے اجلاسوں کا آغاز کر دیا جائے گا اور تمام ترقیاں ریگولر بنیادوں پر کی جائیں گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 1988 تک کے بیج کے ڈاکٹرز کو اگلے گریڈوں میں ترقی کیلئے فائدہ پہنچے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ عدنان ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جناح ہسپتال،نشتر ہسپتال ملتان اور سروسز ہسپتال میں پوسٹ گرایجویٹ ٹریننگ کرنے والے 86 ڈاکٹرز کے تبادلہ کے احکامات واپس لے لئے گئے ہیں اور مذکورہ ڈاکٹرز کو پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ سے ہی تنخواہ ملے گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ڈاکٹروں کی پروموش اور سروس سٹرکچر کے لئے جو تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صحت کے شعبہ کو جدید خطوط پر استوارکرنے اور ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈکس کی فلاح وبہبود اور ان کی سروس کے معاملات کو حل کرنے کے لئے ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :