پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کا اسلام آباد مارچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق عوامی جمہوری اتحاد کے کارکن کے لواحقین سے اظہار تعزیت

بدھ 3 دسمبر 2014 21:13

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک صوبائی اسمبلی کے سپیکر حاجی اسد قیصر اور پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے ہمراہ صوابی کے علاقہ کالو خان گئے اور 30 نومبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق عوامی جمہوری اتحاد کے کارکن عرب علی خان کے بھائیوں سراج خان اور قیصر خان سے اظہار تعزیت کیا عوامی جمہوری اتحاد کے چیئرمین شہرام خان ترکئی، صوبائی وزراء ضیاء الله آفریدی، میاں جمشید الدین کاکاخیل، اشتیاق ارمڑ، محمد عاطف خان ، عبدالمنعم خان اور دونوں جماعتوں کے دیگر ارکان اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا دریں اثناء وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ممبر قومی اسمبلی سراج محمد خان کے بھائی مناف خان اورپی ٹی وی کے سابق کنٹرولر و شعبہ صحافت عبد الولی خان یونیورسٹی کے چیئرمین پروفیسر طاہر محمود کی ہمشیرہ کی وفات پر بھی اظہار تعزیت کیا ہے انہوں نے مرحومین کی مغفرت کی دعا کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔