ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام سرگرمیاں قومی فریضے کے طورپر سرانجام دی جائیں،پروفیسر ڈاکٹر راؤ محمد افضل خان

جمعرات 4 دسمبر 2014 19:53

بہاول پور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2014ء) پروفیسر ڈاکٹر راؤ محمد افضل خان وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی وگورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ ڈینگی کے تدارک کے لیے تمام سرگرمیاں قومی فریضے کے طورپر سرانجام دی جائیں تاکہ وطنِ عزیز کو اس موذی مرض سے نجات مل سکے۔حکومت ِ پنجاب کی ہدایت پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ڈینگی سے متعلق شعور اُجاگر کرنے اور صحت و صفائی سے متعلقہ اقدامات کو بطور تعلیمی و قومی ذمہ داری کے طور پر نافذ کیا جا رہاہے تاکہ اساتذہ ، طلبہ وطالبات اور ملازمین میں ڈینگی سے متعلق شعور اُجاگر ہو۔

وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ڈینگی سے بچاؤ مہم کے سلسلے میں فیکلٹی ممبران کی ایک آگاہی واک کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان چیمہ نے کہا کہ ڈینگی کی علامات میں شدید بخار، جسم میں درد، بھوک نہ لگنا، آنکھوں کے پیچھے درد ہونا، پٹھوں اور جوڑوں میں شدید درد ہونا، جسم پر دھبوں کا نمو دار ہونا، سانس لینے میں دشواری اور رنگت پیلی ہونا شامل ہیں۔

ایسی صورت میں مریض کا درجہٴ حرارت 102ڈگری فارن ہائٹ سے کم رکھیں اور نارمل خوراک کے ساتھ زیادہ مقدار میں جوس، سوپ اور دودھ دیں اور ڈاکٹر سے رجوع کریں۔وائس چانسلر نے ہدایت کی کہ شعبہٴ اسٹیٹ کیئر ہفتے میں دو مرتبہ تمام دفاتر ، تدریسی شعبہ جات، کالونیوں اور ہاسٹلز میں مچھر مار ادویات کا سپرے کریں اور صاف پانی جمع کرنے کے برتن ، ڈرم اور ٹینکی وغیرہ کو ڈھانپ کر رکھا جائے۔

چھتوں، پودوں کی کیاریوں، گملوں، پرانے برتنوں اور ٹائروں میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔ اس موقع پرشرکاء میں معلوماتی لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔ ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر محمد اصغر ہاشمی، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر میمونہ غنی، رجسٹرار ڈاکٹر عبدالستار خان،اساتذہٴ کرام اور ملازمین کثیر تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :