لاہور، نوجوان نسل میں کمزور طبقوں کی بے لوث خدمت کا جذبہ ابھارنے کے لئے امن کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 4 دسمبر 2014 20:06

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2014ء ) انٹرنیشنل والنٹیئرڈے کے موقع پر جمعة المبارک 5 دسمبر کو محکمہ امور نوجواناں پنجاب کے زیر اہتمام امن کانفرنس پنجابی کمپلیکس ، فیروز پور روڈلاہور میں دوپہر 2 بجے منعقد کی جائے گی - قومی اسمبلی کے رکن حمزہ شہباز شریف اور وزیر تعلیم و امور نوجواناں پنجاب رانا مشہود احمد خاں خصوصی طور پر کانفرنس میں شرکت کریں گے - کانفرنس میں 2014 ء کے دوران نمایاں کارکردگی والے 10 نوجوان رضا کاروں کو ایوارڈز دیئے جائیں گے اور 10 بہترین ”کیس سٹڈیز “ بھی پیش کی جائیں گی - اس موقع پر ثقافتی پروگرام ، مختصر دورانیہ کی دستاویزی فلم ، ون مین شو اور پینل ڈسکشن بھی پروگرام کا حصہ ہوں گے- کانفرنس میں ملک بھر سے آئے ہوئے نوجوان رضا کاروں کو ایک دوسرے کے ساتھ باہمی امن و یگانگت کے ساتھ معاشرے کے کمزور طبقوں کی رضا کارانہ مدد کے حوالے سے تبادلہ خیال کا موقع ملے گا - وزیر تعلیم و امور نوجواناں پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے برگد تنظیم برائے ترقی نوجواناں کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر صبیحہ شاہین اور فلاحی تنظیم ”امید جواں“ کے ڈائریکٹر عبدالصبور احمد کے ساتھ آج لاہور پریس کلب میں صحافیوں کو انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے کے موقع پر ہونے والی امن کانفرنس کی غرض و غایت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ والنٹیئرزم کو فروغ دے کر ہمارے نوجوان معاشرے میں اپنی مثبت شناخت کے ساتھ ترقی کی منزلیں حاصل کرنے کی تیاری کر سکتے ہیں کیونکہ بیشتر مشاہیر نے اپنے پروفیشن میں اعلی مقام حاصل کرنے سے پہلے محدود دائرہ کار میں بے لوث خدمت کا وطیرہ اپنا کر ہی دنیا میں نام پیدا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :