کراچی، گیارہ حساس یونین کونسلوں میں ایک مرتبہ پھر تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع

جمعہ 5 دسمبر 2014 15:51

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2014ء) کراچی کی 11 حساس یونین کونسلوں میں ایک مرتبہ پھر تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع کر دی گئی ، سیکورٹی نہ ملنے پر گڈاپ ٹان کی یوسی فور، ریڑھی ، لانڈھی اور بن قاسم میں مہم معطل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کی 11 حساس یونین کونسلوں میں تین روزہ انسداد پولیو مہم جمعہ سے دوبارہ شروع کی گئی ہے ۔

مہم کے دوران دو لاکھ 72 ہزار 745 بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

گذشتہ مہم کے دوران والدین کے انکار اور متعدد بچوں کے گھر میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے دس ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے نہیں پلائے جا سکے تھے ۔ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی زیرصدارت اجلاس میں گیارہ حساس یونین کونسلوں میں دوبارہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

پہلے روز گڈاپ ٹان کی یو سی فور ، ریڑھی ، لانڈھی اور بن قاسم میں رضاکار ٹیموں کو سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی جس کے باعث ان علاقوں میں بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا کام معطل کر دیا گیا ۔ کمشنر کراچی کے مطابق بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنیوالے والدین کی تعداد میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :