پنگریو: حکومت سندھ کی ایک اور نا اہلی، ضلع بدین کی کئی فیمیل ٹیچرز کو اسکولوں سے ہٹا کر پولیو مہم میں لگا دیا گیا

جمعہ 5 دسمبر 2014 18:11

پنگریو ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر 2014ء) حکومت سندھ کی ایک اور نا اہلی، ضلع بدین کی کئی فیمیل ٹیچرز کو اسکولوں سے ہٹا کر پولیو مہم میں لگا دیا گیا، تعلیم متاثر ہو نے کا خدشہ ،حکومت سندھ کی جانب سے تعلیمی معیار بلند کر نے کے اقدامات کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے، فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کریں گے، گسٹا کا اعلان۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلع بدین میں انتظامیہ نے انوکھا اور حیرت انگیز فیصلہ کرتے ہوئے معلمات کو درس وتدریس سے ہٹا کر پولیو کی ویکسین پلانے پر لگا دیا ہے اس ضمن میں تحصیل ٹنڈو باگو اور ضلع بدین کی دیگر تحصیلوں میں معلمات کو دفاتر طلب کر کے انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ ان کی ڈیوٹیاں پولیو قطرے پلانے پر لگادی گئی ہیں اس لئے وہ اپنے متعلقہ سرکاری صحت مراکز کے پولیو ویکسینیشن انچارج کے پاس رپورٹ کریں ان احکامات کے بعد معلمات کی بڑی تعداد پولیو مہم میں شامل ہو گئی ہیں اور انہوں نے اپنے متعلقہ پولیو انچارجوں کو رپورٹ کر دی ہے معلمات کی پولیو مہم میں ڈیوٹیاں دور دراز مقامات پر لگا دی گئی ہیں ان معلمات کو پولیو ویکسینیشن کی تربیت کے لئے جمعہ کے روز ( آج) صحت مراکز میں طلب کیا گیا ہے انتظامیہ کی جانب سے محکمہ صحت اور دیگر تمام سرکاری محکموں کو چھوڑ کر تعلیم جیسے پیشے سے منسلک معلمات کی ڈیوٹیاں پولیو مہم میں لگانے کے باعث طالبات کی تعلیم متاثر ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ معلمات بھی شدید پریشانی کا شکار ہو گئی ہیں ضلع بدین کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے بدین کی انتظامیہ کے اس فیصلے کو تعلیم کے شعبے کے ساتھ مذاق قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس فیصلے سے حکومت کے تعلیمی معیار بلند کر نے کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے اور یہ فیصلہ شعبہ تعلیم سے ایک مذاق ہے ان تنظیموں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کو چھوڑ کر محکمہ تعلیم کی معلمات کو پولیو کے قطرے پلانے پر لگا دینا سراسر تعلیم دشمنی ہے ادھر گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا ) ضلع بدین کے صدر محمد صدیق سومرو نے بدین کی انتظامیہ کے اس تعلیم دشمن فیصلے کے خلاف سخت احتجاج کیا ہے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو معلمات کی کمی کے باعث ضلع بدین میں سینکڑوں گرلز اسکول بند ہیں اور طالبات کی تعلیم متاثر ہورہی ہے اس پر طرہ یہ کہ جو معلمات اسکولوں میں درس و تدریس سے وابستہ ہیں اور روزانہ طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہی ہیں ان کی ڈیوٹیاں اسکولوں سے ہٹا کرپولیو مہم میں لگا دی گئی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف طالبات کی تعلیم متاثر ہو گی بلکہ دور دراز علاقوں میں ڈیوٹی لگنے کے باعث معلمات بھی پریشانی کا شکار ہیں انہوں نے اعلان کیا کہ اگر یہ تعلیم دشمن فیصلہ فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو گسٹا سندھ بھر میں احتجاجی تحریک چلائے گی

متعلقہ عنوان :