بھارت میں موتیا کے آپریشن کے بعد 15 لوگ نابینا ہو گئے،

غیر سرکاری ادارے نے کیمپ لگانے کیلئے حکومت سے اجازت نہیں لی تھی،وزیر صحت

جمعہ 5 دسمبر 2014 20:33

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر 2014ء) بھارت کی شمالی ریاست پنجاب میں موتیا بند کے آپریشن کے بعد کم سے کم 15 لوگوں کی بینائی ختم ہو گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ا دارے کے مطابق ان لوگوں کو امرتسر کے سرکاری ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ ان کی بینائی لوٹنا مشکل ہے۔یہ آپریشنگورداسپور ضلعے میں گذشتہ ماہ ایک غیر سرکاری ادارے کے قائم کردہ طبی کیمپ میں کیے گئے تھے۔

آپریشن کرانے والوں کی تعداد 49 بتائی گئی ہے۔ضلع کے میڈیکل افسر راجیو بھلا کے مطابق جن 15 لوگوں کی آنکھوں کا آپریشن ہوا تھا، ان کے ٹھیک ہونے کا اب امکان نہیں ہے۔ ان کے مطابق بینائی جانے کی ممکنہ وجہ انفیکشن ہے لیکن تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی وثوق کے ساتھ کچھ کہا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ریاست کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ غیر سرکاری ادارے نے کیمپ لگانے کے لیے حکومت سے اجازت نہیں لی تھی، تفیش جاری ہے اور کیمپ میں آپریشن کرنے والے ڈاکٹر کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

گذشتہ ماہ وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں حکومت کے قائم کردہ ایک کیمپ میں نس بندی کے آپریشن کے بعد 15 عورتیں ہلاک ہوگئی تھیں۔آپریشن کرنے والے ڈاکٹر کو لاپروائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن اب تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ ان اموات کی وجہ جعلی یا زہریلی دوائیاں بھی ہوسکتی ہیں۔ہندوستان میں موتیا بند ایک بڑا مسئلہ ہے، اور دنیا میں نابینا افراد کی کل تعداد کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ ہندوستان میں رہتا ہے۔ ملک میں تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ لوگ نابینا ہیں اور ان میں تقریباً تین چوتھائی کے نابینا پن کی وجہ موتیا بند ہے۔

متعلقہ عنوان :