پولیو موذی مرض ہے، اپنے بچوں کو ہمیشہ کو معذوری سے بچانے کے لئے پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائے جائیں، موذی مرض سے نجات حاصل کی جاسکے،

کمشنر ژوب ڈویژن کاظم نیاز خان کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 5 دسمبر 2014 21:40

لو را لا ئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر 2014ء) کمشنر ژوب ڈویژن کاظم نیاز خان نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اپنے بچوں کو ہمیشہ کو معذوری سے بچانے کے لئے پیدائش سے لے کر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائے جائیں تاکہ اس موذی مرض سے نجات حاصل کی جاسکے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز کمشنر آفس میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز اور ٹیموں کی حفاظت کے لئے سخت عملی اور مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں لیویز ، پولیس اور ایف سی بھی تعینات رہے گی اور پولیو مہم کے دوران فورسز کا گشت بھی ہوگا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جاسکے اور پاکستان کو پولیو فری ملک قراردیا جاسکے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ ٹیموں کے ساتھ لیویز، پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو تعینات کریں تاکہ ٹیموں اور ورکرز کی سیکورٹی کو مؤثر بنایا جاسکے۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے قریبی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ باہمی رابطہ میں رہیں تاکہ چوری، ڈکیتی اور دہشتگردی کے واقعات سے مؤثر انداز میں نمٹا جاسکے۔ کمشنر نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کو مؤثر بنانے کے لئے پٹرول پمپس مالکان سے بات چیت کریں تاکہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچ سکے انہوں نے ہدایت کی کہ ایرانی پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف مؤثر کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی اور ویگنوں اور بسوں کے کرایوں مین بھی کمی لائی جاسکے۔

اجلاس میں کمانڈنٹ لورالائی اسکاؤٹس کرنل محمد فیصل، کمانڈنٹ قلعہ سیف اللہ اور کمانڈنٹ بارکھان کے علاوہ ڈی پی او ژوب ذوالفقار علی لالک، ایڈیشنل کمشنر طلحہ حسین، ڈپٹی کمشنر لورالائی شاہ زیب کاکڑ، ڈپٹی کمشنر شیرانی ژوب نذر محمد کھیتران، ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل آغا نبیل اختر، ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ آصف خان، ڈی پی او قلعہ سیف اللہ طاہر علاؤالدین، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لورالائی محمد اعظم جمالی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر موسیٰ خیل محمد سلیم، ڈی پی او شیرانی محمد شاکر اور ڈی پی او بارکھان سید محمد امین بخاری نے شرکت کی۔

کمشنر ژوب ڈویژن نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں۔ فورسز کے اہلکاروں کو بھی وردی کے علاوہ اسلحہ نمائش سے گریز کرنا چاہیئے، کمشنر نے کہاکہ غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیررجسٹرڈ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے اور ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ اگر کسی ضلع کے ڈپٹی کمشنر یہ محسوس کرتے ہیں کہ وہاں پولیس، لیویز یا ایف سی کی ضرورت ہے تو اپنی تحریری رپورٹ جلد از جلد ارسال کریں تاکہ لیویز ، پولیس کو دوسرے اضلاع سے بلوا کر اس کمی کو پورا کیا جاسکے۔ کمشنر نے کہا کہ اگر کہیں چیک پوسٹ بنانے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں تو قائم کرلیں اور افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جائے تاکہ سماج دشمن عناصر سے سختی سے نمٹا جاسکے۔

اسلحہ اور منشیات کی سمگلنگ بھی روکی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لیویز، پولیس ، ایف سی اور انتظامیہ نے قومی مفادات کے تحفظ کے لئے کام کرنا ہے۔ یہ ایک ٹیم ورک ہے تاکہ پولیو کے خاتمے اور دہشتگردی کے خاتمہ کو ممکن بنایا جاسکے۔ کمشنر نے شادی کے مواقع پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لئے بھی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے تدارک کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے حساس علاقوں کی سیکورٹی بڑھانے پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :