سندھ سے آنے والے مسافر بچوں کو پولیو قطرے پلانے کے لئے کوٹ سبزل میں پولیو چیک پوسٹ قائم،

لاہور کے سیوریج واٹر میں پولیو وائرس کی لوکل ٹرانسمشن نہیں بلکہ اس کا جینٹک لنک پشاور سے ہے‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 5 دسمبر 2014 23:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر 2014ء ) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے لاہور کے سیوریج کے پانی کے نمونوں میں چار مقامات پر پولیو وائرس کی نشاندہی کے حوالے سے کہا ہے کہ محکمہ صحت پنجاب وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق پولیو کے خاتمہ کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے وار ٹھوس حکمت عملی اور اقدامات کی وجہ سے لاہور کا اینوائرمنٹل سیمپل پازیٹو ہونے کے باوجود پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج کے پانی میں جو پولیو وائرس پایا گیا ہے وہ جنیٹک کے اعتبار سے پشاور میں پائے جانے والے وائرس سے مشابہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پولیو وائرس کی لوکل ٹرانسمیشن نہیں ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ اب تک پورے ملک میں پولیو کے 276 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے صرف 3 پنجاب میں رپورٹ ہوئے جن میں سے چکوال اور بھکر میں ہونے والے دو پولیو کیسوں کے وائرس کا جنیٹک لنک ڈی آئی خان اور وزیرستان سے تھا - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کی آبادی تینوں صوبوں کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے اور پانچ سال تک کی عمر کے 2 کروڑ 75 لاکھ بچے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بڑے شہروں خصوصاً لاہو رمیں روزگار کی تلاش اور عزیز اقارب سے ملنے کے لئے بڑے پیمانے پر لوگوں کی دوسرے صوبوں سے آمدورفت رہتی ہے اور صوبہ کے پی کے اور دیگر علاقوں میں ہزاروں بچے پولیو ویکسئین کے قطروں سے محروم ہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ طبی ماہرین کے مطابق پولیو وائرس کی وبا سے متاثرہ علاقوں میں بالغ عمر کے لوگ بھی پولیو وائرس کا کیرئیر ہوسکتے ہیں - مشیر صحت نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ 3 ماہ سے 74 ہائی رسک یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم چلائی جا رہی ہے اور 8 دسمبر سے ایک مرتبہ پھر انسداد پولیو کی قومی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کا لوٹرانسمیشن سیزن شروع ہو چکا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیو وائرس کا قلع قمع کر دیا جائے ۔ دریں اثناء مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے دیگر صوبوں سے پنجاب آنے والے مسافر بچوں کو پولیو قطرے پلانے کے پروگرام کے تحت کوٹ سبزل رحیم یار خان میں سندھ سے آنے والے ٹریفک روٹ پر پولیو چیک پوسٹ کا جمعہ کے دن افتتاح کیا اور موقع پھربچوں کوقطرے بھی پلائے۔

یہ چیک پوسٹ روٹری کلب کی جانب سے فراہم کردہ کنٹینرز میں قائم کی جا رہی ہیں ۔ قبل ازیں اٹک پل ، پیر ودھائی بس سٹینڈ راولپنڈی اور بادامی باغ لاری اڈا میں بھی ایسی ہی پولیو چیک پوسٹیں قائم گئی ہیں تاکہ بسوں میں سفر کرنے والے بچوں کو پولیو ویکسئین کے قطرے پلائے جا سکے ۔ کوٹ سبزل رحیم یار خان میں پولیو چیک پوسٹ کی افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز ، ڈی سی او رحیم خان ، عالمی ادارہ صحت ، یونیسف ، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور روٹری کلب کے نمائندوں اور افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :