ایم بی بی ایس کے امتحانات میں صوبے میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر امیر الدین میڈیکل کالج میں تقریب،

مشیر صحت نے کالج کے طلبہ کے ساتھ کیک کاٹا، محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی‘ خواجہ سلمان رفیق کا خطاب

ہفتہ 6 دسمبر 2014 19:55

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2014ء )پنجاب میں میڈیکل کالجز کے فرسٹ پروفیشنل امتحان میں 99 فیصد نمبر حاصل کر کے صوبے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیر الدین میڈیکل کالج کے سیکنڈ ائر کے طلبہ کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کی -ابتدائی کلمات میں کالج کے پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے مختصر عرصہ میں میڈیکل کی تعلیم کے میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر کالج کی فیکلٹی اور طلبہ کو مبارکباد دی اور مشیرصحت سے کہا کہ کالج کے طلبہ کے لئے بسیں فراہم کرنے اور کالج کے لئے الگ عمارت کی تعمیر کے لئے جلد اقدامات کئے جائیں-خواجہ سلمان رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی اور امیر الدین میڈیکلکالج نے بہت مختصر عرصہ میں اپنا لوہا منوالیا ہے - انہوں نے کہا کہ ذہین اور قابل طلبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں- خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وہ کالج کو بسیں فراہم کرنے اور امیر الدین میڈیکل کالج کی الگ عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں جلد اقدامات کریں گے - بعد ازاں امیر الدین میڈیکل کالج کے طلبہ کی نمایاں کامیابی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا -