فیصل آباد ،صوبہ بھر میں3روزہ انسداد پولیو مہم (کل)سے شروع ہو گی،

پولیو مہم میں 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے

ہفتہ 6 دسمبر 2014 21:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2014ء ) فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں3روزہ انسداد پولیو مہم (کل)8 دسمبر سے شروع ہو گی جبکہ10 دسمبر بروز بدھ تک 5 سال تک کی عمر کے ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے اور کسی بھی وجہ سے حفاظتی ویکسین کے قطرے پینے سے محروم رہ جانیوالے بچوں کو کیچ اپ ڈے کے طور پر11 دسمبر (جمعرات) کو بھی قطرے پلانے کا عمل جاری رکھا جائیگا ۔

محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے بتایاکہ مذکورہ پولیو مہم کے دوران ضلع فیصل آباد میں پانچ سال تک کی عمر کے 12لاکھ 95ہزار161بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے محکمہ صحت کی کل 2843 ٹیمیں سرگرم عمل ہونگی جن میں 2314موبائل، 370فکسڈ پوائنٹس اور 159ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد کی289یونین کونسلز کیلئے 468ایریا انچارجز بھی مقرر کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ای ڈ ی او ہیلتھ ، ڈسٹرکٹ و ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ ، تمام ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ، تمام رورل ہیلتھ سنٹرز اور بیسک ہیلتھ یونٹس کے انچارجز بھی انسداد پولیو مہم کی براہ راست نگرانی کریں گے ۔انہوں نے بتایاکہ تین روزہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے ضلع فیصل آباد اب تک پولیو فری ہے تاہم بیرونی اضلاع سے والدین کے ساتھ بطور مہمان یا شفٹ ہونے والے بچوں کے پیش نظر پولیو وائرس کے احتمال کا یکسر خاتمہ کرنے کیلئے بچوں کو مختلف وقفوں سے باربار پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جارہے ہیں جس میں کسی کوتاہی یاغفلت کی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں سوفیصد کامیابی کیلئے کمیونٹی کاتعاون ناگزیر ہے لہٰذا پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو محکمہ صحت کی ٹیموں کی مدد کرنی چاہیے تاکہ کسی جگہ کوئی بچہ قطرے پےئے بغیر نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی او فیصل آباد بھی مذکور ہ مہم کی خود براہ راست نگرانی کریں گے اور اگر کسی جگہ کوتاہی سامنے آئی تو محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اوراپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔

متعلقہ عنوان :