پشاور،خیبرپختونخوا کے تین بڑے ہسپتالوں میں تشنج سے بچاوٴ کا ٹیکہ تین ماہ سے نایاب

ہفتہ 6 دسمبر 2014 22:16

پشاور،خیبرپختونخوا کے تین بڑے ہسپتالوں میں تشنج سے بچاوٴ کا ٹیکہ تین ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2014ء ) حکومت کے اعلان کے باوجود خیبرپختونخوا کے تین بڑے ہسپتالوں میں تشنج سے بچاوٴ کا ٹیکہ تین ماہ سے نایاب ہو گیا۔ مریض انجکشن بازار سے خریدنے پر مجبور ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے تمام بڑے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت ادویات فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اعلان کے باوجود لیڈی ریڈنگ ہسپتال سمیت خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں تشنج سے بچاوٴ کے ٹیکے ہی تین ماہ سے میسر نہیں۔

ایمرجنسی میں لائے گئے مریضوں کو یہ ٹیکے بازار سے خریدنے پڑ رہے ہیں۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے اس بارے میں موقف اختیار کیا ہے کہ کہ تشنج سے بچاوٴ کے ٹیکے کی ہسپتال کی ایمرجنسی میں ضرورت ہی نہیں ہے۔ دوسری جانب ہسپتال کے چیف فارماسسٹ کا کہنا ہے کہ انجکشن کی عدم دستیابی کا سبب این ایچ آئی کے پلانٹ کی خرابی ہے۔ تشنج سے بچاوٴ کے ایک انجکشن کی قیمت اس وقت بازار میں چالیس سے پچاس روپے ہے۔اور اب غریب لوگوں کو یہ انجکشن بازار سے خریدنے پڑ رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :