محکمہ صحت نے ایک کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدیں‘ مشیر صحت

پولیو کے 276کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں،صرف تین پنجاب سے ہیں‘ آگاہی واک کے موقع پر گفتگو

اتوار 7 دسمبر 2014 15:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔7دسمبر 2014ء) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ نئی نسل کی صحت کی ضمانت ہے اور اس بیماری کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو کی جنگ جاری رہے گی، پنجاب میں 8 دسمبر سے تین روزہ انسداد پولیو کی قومی مہم شروع ہو رہی ہے جس میں ایک کروڑ 80 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کے لئے محکمہ صحت نے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں - انہوں نے یہ بات گلبرگ میں پولیو کے خلاف آگاہی واک میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی- واک میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین، سول سائٹی، این جی او کے نمائندوں ، مسلم لیگ کے ورکروں ، مقامی دکانداروں اور پولیس وضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی-خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ملک میں اب تک پولیو کے 276 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے صرف تین کا تعلق پنجاب سے ہے جوصوبائی محکمہ صحت اور دیگر اداروں کی بہترین کارکردگی کا مظہر ہے تا ہم اس بیماری کا پورے ملک سے خاتمہ تبھی ممکن ہو گا جب چاروں صوبوں میں یکساں محنت کے ساتھ پولیو کے خاتمے کے اقدامات کئے جائیں گے - انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں پولیو کی موجودگی سب کے لئے باعث تشویش ہے - خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ سوموار 8 دسمبر سے پنجاب بھر میں انسداد پولیو کی تین روزہ قومی مہم شروع ہو رہی ہے جس کے دوران پانچ سال کی عمرکے 18.1 ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور محکمہ صحت نے اس مقصد کے لئے 35204 مو بائل ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو گھر گھر جا کر قطرے پلائیں گی جبکہ تمام سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ سنٹرز پر قطرے پلانے کے لئے 4265 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں - علاوہ ازیں صوبے کے داخلی و خارجی راستوں پر مسافر بچوں کو قطرے پلانے کے لئے بھی 2254 ٹیموں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں -انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے کی تمام یونین کونسلوں میں پولیو ٹیموں کی نگرانی اور مہم کو کامیاب بنانے کے لئے 3555یوسی میڈیکل آفیسرز کو بھی تعینات کیا گیا ہے - ایک سوال کے جواب میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ لڑائی جھگڑا کرنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور تمام حساس علاقوں میں پولیو ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے پولیس حکام کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں -

متعلقہ عنوان :