شوگر مل مالکان کو کسانوں کا استحصال ہر گز نہیں کرنے دیں گے‘ وزیر زراعت پنجاب

کاشتکاروں کی فلاح کیلئے گنے کی خرید حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر یقینی بنائی جائے گی کاشتکاروں کو بجلی کی فراہمی کیلئے 22 ارب اورباسمتی چاول پر 10ارب روپے سبسڈی دی جا رہی ہے‘ فرخ جاوید

اتوار 7 دسمبر 2014 15:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔7دسمبر 2014ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ شوگر مل مالکان کو کسانوں کا استحصال کسی صورت نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ گنے کی خرید ہر صورت حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر یقینی بنائے جائے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں بھرپور مانیٹرنگ کی جار ہی ہے اور ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں کسانوں کو ریکارڈ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔کسانوں کی محنت اور حکومتی پالیسیوں کا ثمر ہے کہ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کسان دوست حکومت ہے اور کاشتکاروں کے تحفظ کیلئے پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے لئے گزشتہ برس بھی 10 روپے35 پیسے کے فلیٹ ریٹ پر بجلی فراہم کی گئی اوراس ضمن میں 22 ارب روپے کی سبسڈی دے گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس سال بھی کسانوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے 22 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جو ملکی تاریخ میں ایک نادر مثال ہے۔ صوبائی وزیرزراعت نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے گنے کے نرخ کم نہ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں جس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کے باسمتی چاول کے کاشتکاروں کو5ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی دینے کے لئے 10ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر فرخ جاوید نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیلاب زدہ اضلاع کے کاشتکاروں کو زرتلافی کے طور پر 10ہزار روپے فی ایکڑ امدادی رقم فراہم کی گئی ہے۔ حکومت نے کسانوں کی سہولت کے لئے گندم کے بیج کے بیگ کی قیمت100روپے کم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے معاملات میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہ کی جائے، حکومت پنجاب کاشتکاروں کے مفادات کا بھرپور تحفظ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :