صحت مند معاشرے کو تشکیل دینے کے لئے کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے، میاں عبدالمنان

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد ایک خوش آئندہ اقدام ہے،تقریب سے خطاب

اتوار 7 دسمبر 2014 17:01

فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔7دسمبر 2014ء) ایم این اے میاں عبدالمنان نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کو تشکیل دینے کے لئے کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے ۔ حکومت فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی ترویج و ترقی کے لئے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اس ضمن میں کھیلوں کے فروغ کے لئے زیادہ سے زیادہ میدان آباد کئے جارہے ہیں تاکہ نوجوان نسل میں ذہنی و جسمانی صلاحتیں نکھر کر سامنے آسکیں ۔

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے ذہین بچوں کی حوصلہ افزائی کے علاوہ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد بھی ایک خوش آئندہ اقدام ہے جس سے طلبا و طالبات کی صلاحیتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔سرکاری سکولوں کے سمیت پرائیویٹ سکولوں میں ذہنی و جسمانی سرگرمیاں نوجوانوں صحت کے لئے ایک اہم قدم ہے حکومت اس سلسلے میں بھر پور معاونت کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی ایلیٹ سکول سسٹم مدینہ ٹاؤن میں سالانہ سپورٹس میلہ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا‘ صدر انجمن تاجران الائیڈ گروپ چوہدری پرویز اقبال کموکا ‘عباس حیدر شیخ‘ حبیب رضا شیخ پرنسپل سمیت ودیگر اساتذہ و طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد زراق سکا ‘ صدر الائیڈ گروپ چوہدری پرویز کموکا و دیگر نے دی اہلیٹ سکول سسٹم کی طرف سے کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے سپورٹس میلہ کا انعقاد خوش آئندہ ہے جس سے طلبا و طالبات میں کھیلوں کے فروغ میں خاطر خواہ مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے ہر سطح پر مقابلوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے ۔ تقریب کے اختتام پر میاں عبدالمنان ‘ چوہدری پرویز اقبال کموکا ‘ خواجہ شاہد رزاق سکا و دیگر نے طلبا و طالبات میں شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔

متعلقہ عنوان :