پولیو کے خلاف قومی مہم کی کامیابی کیلئے بچوں کے والدین کا کردار سب سے اہم ہے، ڈی سی او بھکر

پیر 8 دسمبر 2014 16:33

بھکر ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء) ڈی سی او محمدزمان وٹو نے کہا ہے کہ پولیو کے خلاف قومی مہم کی کامیابی کیلئے بچوں کے والدین کا کردار سب سے اہم ہے اور بچوں کو پولیو جیسے موذی اور عمر بھر کیلئے معذور کردینے والے مرض سے بچانے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ انہیں پانچ(5)سال کی عمر تک ہر ویکسی نیشن راؤنڈ میں حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں جو ایک قومی فریضہ بھی ہے اوراس فریضہ کی تکمیل میں بچوں کے والدین ہر گز سستی نہ کریں ۔

انہوں نے یہ بات ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ویکسی نیشن کاؤنٹر پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ویکسین کے قطرے پلانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔جو ضلع بھر میں چار(4)روزہ اینٹی پولیو ویکسی نیشن راؤنڈ کے سلسلہ میں آگاہی عام کرنے کی غرض سے منعقد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یہ راؤنڈ گیارہ(11)دسمبر تک جاری رہے گا ۔اس ضمن میں ضلعی محکمہ صحت کے مرتب کردہ ویکسی نیشن پلان کے مطابق ضلع بھر میں پانچ(5) سال تک عمر کے دولاکھ پچپن ہزار دوسو اکتالیس(2,55,241)بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے اور اس مقصد کیلئے چھ سو بیاسی(682) ویکسی نیشن ٹیموں کو فرائض سونپے گئے ہیں جو تیرہ سو(1300) کی افرادی قوت پر مشتمل ہیں ۔

ڈی سی او محمدزمان وٹو نے ای ڈی او ہیلتھ کے ہمراہ ہسپتال کے ویکسی نیشن کاؤنٹر پر موجود بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نونہالان قوم کو پولیو سے بچا کر ان کا محفوظ مستقبل یقینی بنانا والدین اور محکمہ صحت کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پولیو فری پاکستان کی منزل حکومتی وژن کے مطابق حاصل کرنے کیلئے بچوں کے والدین کو محکمہ صحت سے بھر پور تعاون کرنا ہوگا

متعلقہ عنوان :