پاکستان نیوی کی جانب سے ڈپلو ہیلتھ سینٹر تھر پارکر میں قائم کئے جانے والے میڈیکل کیمپ میں گزشتہ چار روز کے دوران3500 سے زائد افراد بشمول مرد ،خواتین اور بچے کو طبی امداد کی فراہمی

پیر 8 دسمبر 2014 17:06

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء) پاکستان نیوی کی جانب سے ڈپلو ہیلتھ سینٹر تھر پارکر میں قائم کئے جانے والے میڈیکل کیمپ میں گزشتہ چار روز کے دوران3500 سے زائد افراد بشمول مرد ،خواتین اور بچے کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے ڈپلو میں قائم کئے جانے والے میڈیکل کیمپ میں آنے والے بچوں کی بڑی تعداد غذا کی کمی، ڈائریا اور سانس کی نالی کے انفیکشنز کا شکار تھی جبکہ میڈیکل کیمپ پر طبی امداد حاصل کرنے والے مرد اور خواتین ڈائریا،خون کی کمی اور مختلف اقسام کے انفیکشنز میں مبتلا تھے۔

پاک بحریہ کے قائم کردہ میڈیکل کیمپ میں خون کے ٹیسٹ،ایکسرے اور چھوٹے درجے کے آپریشنز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ پاکستان نیوی کی موبائل میڈیکل ٹیموں کی جانب سے گزشتہ روز موتاٹیو اور ٹلو جام میں تقریبا 650 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے امیر نوح اور گوٹھ ڈھابرو کے علاوہ ارد گرد کے چھوٹے دیہاتوں میں بھی پاک بحریہ کی موبائل میڈیکل ٹیموں کی جانب سے مقامی افراد کو ان کے گھروں کی دہلیز پرطبی امداد دی گئی۔

پاک بحریہ کی موبائل ٹیموں نے ڈپلو اور ارد گرد کے تمام دیہاتوں میں اسپیشل فوڈ سپلیمنٹ اور بچوں کے لئے دودھ کے ڈبوں کے ساتھ ساتھ راشن کے تھیلے بھی تقسیم کئے جن میں آٹا، چاول،گھی،چینی اور دالیں شامل ہیں۔ مقامی افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کے علاوہ پاک بحریہ کے قائم کردہ میڈیکل کیمپ کے مقاصد میں تھر کے لوگوں میں عام بیماریوں کی وجوہات اور ان کی روک تھام کے حوالے سے آگہی بیدار کرنا،صحت عامہ،بچوں کی صحت کی حفاظت،جسمانی صفائی اور اپنے ارد گرد کے ماحول کی صفائی کے متعلق شعور بیدار کرنا بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :