اپوزیشن کا وزیر اعظم کے بعد چوہدری شجاعت، ہمایوں اختر اور شیخ رشید احمد سمیت دیگر حکومتی اراکین کیخلاف ریفرنسزداخل کرنے کا فیصلہ،تیاری شروع کر دی گئی، رواں ہفتے داخل کر دئیے جائیں گے، اپوزیشن ذرائع ،ریفرنس میں چوہدری شجاعت پرقرضوں کی معافی اور ہمایوں اختر کیخلاف شوگر جبکہ شیخ رشید پر شہناز سکینڈل کو بنیاد بنایا جائے گا

جمعہ 22 جون 2007 17:59

اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار22 جون 2007) متحدہ اپوزیشن نے وزیر اعظم شوکت عزیز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم و حکمران جماعت کے صدر چوہدری شجاعت حسین ، وفاقی وزیر تجارت ہمایوں اختر خان اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور مستعفی ہونے والی وفاقی وزیر برائے سیاحت نیلو فر بختیار سمیت دیگر کئی حکومتی ارکان و وزراء کے خلاف بھی آئین کی دفعہ 62 اور 63 کے تحت نااہلی کے ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کے پاس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو رواں ہفتے جمع کرادئیے جائیں گے ۔

اپوزیشن کے معتبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم و حکمران جماعت کے صدر چوہدری شجاعت حسین ، وفاقی وزیر تجارت ہمایوں اختر خان سمیت دیگر کئی حکومتی ارکان و وزراء کے خلاف بھی آئین کی دفعہ 62 اور 63 کے تحت نااہلی کے ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کے پاس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو رواں ہفتے جمع کرادئیے جائیں گے ریفرنسز کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم و حکمران جماعت کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے قرضوں کی معافی کو بنیاد بنا کر ان کے خلاف ریفرنس تیار کیا جا رہا ہے جبکہ وفاقی وزیر تجارت ہمایوں اختر خان کے خلاف شوگر اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے خلاف شہناز سکینڈل کو بنیاد بنایاجا رہا ہے اور اس ضمن میں بعض ثبوت اکٹھے کئے جا چکے ہیں ۔ اپوزیشن ذرائع کے مطابق جب حکومت نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کر کے اپوزیشن کو ایک راہ دکھا دی ہے اور حزب اختلاف کواب علم ہوا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس روکنے کا کوئی آئینی اختیار نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کا کہنا ہے کہ وہ اسی آئین کی ان شقوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوہدری شجاعت ، ہمایوں اختر اور دیگر حکمران جماعت کے اراکین و وزراء کی کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال بارے ریفرنسز تیار کر رہی ہے جنہیں رواں ہفتے سپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیا جائے گا۔